دنیا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی اصل تعداد 20 گنا زیادہ ہو سکتی ہے، عالمی ادارہ صحت

دنیا میں ساڑھے تین کروڑ سے زائد افراد کووڈ 19 سے متاثر، تقریباً ہر دس میں سے ایک شخص کورونا وائرس کے انفیکشن کا شکار ہو سکتا ہے: ڈبلیو ایچ او  

440

جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی اصل تعداد موجودہ تعداد سے 20 گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔

دنیا میں اب تک ساڑھے تین کروڑ سے زیادہ افراد کے کووڈ 19 سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ایک انتہائی محتاط اندازے کے مطابق تقریباً ہر دس میں سے ایک شخص کورونا وائرس کے انفیکشن کا شکار ہو سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یورپ اور روس میں کورونا وائرس کے کیسز دوبارہ بڑھ رہے ہیں جبکہ بھارت میں اس وقت یومیہ سب سے زیادہ کیسز ریکارڈ ہو رہے ہیں اور اموات ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ صورتحال وباء کے خاتمہ کے حوالے سے آنے والے وقت میں ممکنہ طور پر پیش آمدہ مشکلات کو اجاگر کرتی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق شہری اور دیہی علاقوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں واضح فرق پایا جا رہا ہے تاہم اس سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وباء سے پوری دنیا کو کس قدر بڑا خطرہ درپیش ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ اس وباء کے بار بار پھیلنے کے امکانا ت موجود ہیں تاہم اسے پھیلنے سے روکنے کے موثر طریقے بھی سامنے آ رہے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے حکام کے مطابق جنوب مشرقی ایشیا، یورپ اور مشرقی بحیرہ روم کے ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے تاہم افریقہ اور مغربی بحرالکاہل کے ممالک میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاﺅ کے حوالہ سے صورتحال قدرے بہتر ہے لیکن مجموعی طور پر دنیا اس وبا کے حوالے سے مشکل صورتحال کی طرف بڑھ رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here