سٹیٹ بینک نے درآمدات پر کیش مارجن کی شرط نرم کر دی

473

کراچی: بینک دولت پاکستان (ایس بی پی) نے اشیاء ساز اور صنعتی شعبوں کی مدد کے لئے بعض اقسام کے خام مال کی درآمد پر 100 فیصد کیش مارجن کی شرط نرم کر دی ہے تاکہ ان اداروں کی استعداد مزید بڑھائی جائے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان سے جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ابتداء میں کیش مارجن کی شرط 2017ء میں 404 ایچ ایس کوڈز پر اور بعد ازاں 2018ء میں مزید 131 اشیاء پرنافذ کی گئی تھی تاکہ بیشتر مصنوعات کی درآمد محدود کی جائے اور نمو کو فروغ دینے والی زیادہ اشیاء کی درآمد کے لئے گنجائش نکالی جائے۔

اشیاء سازی کے شعبے اور دیگر اقتصادی زمروں کو کورونا سے درپیش چیلنجز کے پیشِ نظر اور اس حوالے سے متعدد کاروباری اداروں اور تنظیموں کے مطالبے پر سٹیٹ بینک نے کیش مارجن کی شرائط کا دوبارہ جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ 106 اشیاء/ ایچ ایس کوڈز پر سے یہ شرط ہٹا دی جائے۔

ان اشیاء پر سے کیش مارجن کی شرائط ہٹانے سے کاروباری اداروں کے نقد رقوم کے بہاﺅ اور سیالیت میں مدد ملے گی کیونکہ درآمدات کے عوض کیش مارجن کے تحت بینکوں کی تحویل میں پہلے سے رکھی رقوم انہیں دستیاب ہو جائیں گی اور یہ رقوم نمو اور ترقی کے کاموں میں استعمال ہوں گی جس سے معیشت کو فائدہ ہو گا۔

سٹیٹ بینک نمو اور ملکی ترقی میں حصہ لینے کے لئے صنعتوں اور کاروباری اداروں کو سہولتیں دینے کی غرض سے پرعزم ہے اور بحیثیتِ مجموعی اشیاء سازی اور صنعتی سرگرمی میں تعاون کے لئے درکار مزید اقدامات کو تیار ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here