سعودی عرب جانے والوں اضافی کرائے وصولی کی شکایات، پی آئی اے کا نوٹس

پی آئی اے کا کرایہ بشمول تمام ٹیکسسز 84 ہزار روپے ہے، کوئی ایجنٹ چار سے پانچ ہزار روپے سے زائد کمیشن نہیں لے سکتا، ترجمان

535

اسلام آباد: قومی ائیر لائن ( پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے سعودی عرب کی پروازوں کے مسافروں سے اضافی کرائے وصولی کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کر لی۔

قومی ائیر لائن کے ترجمان عبداللہ خان کی طرف سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او نے ان شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سخت ترین ایکشن لینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ شکایات موصول ہوئیں تھیں کہ کچھ ایجنٹس اور عناصر نے زیادہ طلب سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اضافی کرایہ وصول کرنا شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کا کرایہ بشمول تمام ٹیکسسز کے84 ہزار روپے ہے، پرانے ٹکٹس کی ان پروازوں پر ری اکومڈیشن صرف 100 ڈالر ادا کرکے کروائی جا سکتی ہے۔ کوئی بھی ایجنٹ چار سے پانچ ہزار روپے سے زائد کمیشن وصول نہیں کرسکتا جو کہ 84 ہزار روپے کرائے میں شامل ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے مسافروں سے کہا ہے کہ ٹکٹ کے پیسے اس سے زیادہ ادا نہ کریں اور اگر اس سے زیادہ کوئی طلب کرتا ہے تو فورا پی آئی اے کو [email protected]  پر رپورٹ کریں۔

قومی ائیر لائن کے ترجمان نے مزید بتایا کہ پی آئی اے نے مسافروں کی سہولت کیلئے 28 مزید پروازوں کی اجازت طلب کر رکھی ہے اور اس سلسلے میں پی آئی اے انتظامیہ سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔

ترجمان عبداللہ خان نے کہا کہ سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے پاکستان میں سعودی سفیر سے ملاقات کرکے اجازت کی استدعا بھی کی ہے۔ ایک یا دو دن تک اجازت ملنے کے بعد نشستیں آرام سے دستیاب ہوں گی۔ تمام مسافروں سے جو ابھی تک ٹکٹ حاصل نہیں کر پائے سے درخواست ہے دو دن انتظار کر لیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ادراک ہے کہ زیادہ تر مسافروں کے اقامے 30 ستمبر سے پہلے معیاد پوری کر رہے ہیں۔ پی آئی اے حکام نے اسی لئے اضافی پروازیں کی درخواست 20 تا 30 ستمبر کے درمیان کی کر رکھی ہے۔ پی ائی اے کی جانب سے پروازوں کی تیاری مکمل ہے، اجازت ملتے ہی بکنگ کیلئے سسٹم میں دستیاب ہوں گی ۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here