پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی) کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش نے واضح کیا ہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سروس قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے صرف عارضی طور پر معطل کی گئی ہے اور آگ لگنے کے پیچھے بنیادی وجہ کا پتا لگایا جارہا ہے۔
سروس منسوخی پر تنقید کے جواب میں کامران بنگش نے میڈیا کو بتایا کہ مینوفیکچرنگ کمپنی سے چینی ٹیم بی آر ٹی بسوں میں آگ لگنے کے کیسز کی تفتیش کے لیے ملک میں پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی ٹیم تفتیش مکمل ہونے کے بعد رپورٹ جمع کرائے گی، جس سے حکام کو معاملے کی تہہ تک پہنچنے میں مدد ملے گی تاکہ معاملے کو مکمل طور پر حل کیا جائے۔