اسلام آباد: پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے جولائی 2020ء کے دوران سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی اپنے اپنے ملک منتقلی میں 157 فیصد اضافہ ہوا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء میں 354.5 ملین ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے جبکہ جولائی 2019ء کے دوران منافع جات کی منتقلی کا حجم 138.2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اس طرح جولائی 2019ء کے مقابلہ میں جولائی 2020ء کے دوران پاکستان میں کی گئی غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 216.3 ملین ڈالر یعنی 157 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
ایس بی پی کے مطابق اسی طرح جولائی 2020ء میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری پر ادائیگیوں کی شرح میں 168 فیصد اضافہ سے ادائیگیوں کا حجم 126.8 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 340.2 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔
دوسری جانب فارن پورٹ فولیو انویسٹمنٹ پر ادائیگیوں کی شرح 11.4 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 14.3 ملین ڈالر تک بڑھی۔
مرکزی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کووڈ 19 کی عالمی وبا کے قومی معیشت پر منفی اثرات کے باوجود سال 2020ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات کی شرح بڑھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2020ء کے دوران فوڈ سیکٹر سے سب سے زیادہ 99 ملین ڈالر کے منافع جات کی منتقلی ہوئی جبکہ فنانشل سیکٹر سے 84.5 ملین ڈالر اور کمیونیکیشن سیکٹر سے 61 ملین ڈالر کے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کی گئی۔