لاہور: وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) کے بے نامی زون نے بے نامی اثاثوں اور غیرقانونی دولت کا سراغ لگانے کے لیے کارروائی کرتے ہوئے بی ایم ڈبلیوز اور مرسیڈیز بینز سمیت 19 لگژری گاڑیاں ضبط کر لیں۔
ایف بی آر کے بے نامی زون نے 19 لگژری گاڑیوں کی ملکیت کی تفتیش کے دوران کوائف مکمل نہ ہونے کے باعث مذکورہ گاڑیوں کو ضبط کیا، ایف بی آر کی جانب سے بے نامی اثاثوں میں مسلسل تفتیش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
جولائی تا اگست : ایف بی آر نے ہدف سے 42 ارب روپے زائد ریونیو اکٹھا کر لیا
کرپشن الزامات، ایف بی آر کے 76 افسروں کیخلاف تحقیقات، 10 نوکریوں سے فارغ، متعدد معطل
بورڈ کی تفتیشی ٹیم نے انکشاف کیا کہ مذکورہ گاڑیاں حقیقی مالکان کے ملازمین کے نام پر رجسٹرڈ کی گئیں تھیں، ایف بی آر نے قبضے میں لی گئی دو بی ایم ڈبلیوز اور دو ہی مرسیڈیز بینز گاڑیوں کی قیمت 120 ملین سے 150 ملین روپے بتائی ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے لگژری کاروں کے حقیقی مالکان کو سات دن کے اندر محکمے میں پیش ہونے کا وقت دیا گیا ہے، عدم پیشی کی صورت میں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔