اسلام آباد: عالمی بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ میں بینک سندھ حکومت کو مالیاتی معاونت فراہم کرے گا۔
بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن نے کہا کہ کراچی کو سیلابی پانی سے بچانے اور شہرکی ترقی کیلئے اسلوب حکمرانی میں بہتری، ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے اور رابطہ میں اضافہ کے ضمن میں مشکل اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو تبدیل کرنے کے عمل میں عالمی بینک سندھ حکومت کو معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ شہر کو رہنے کیلئے بہتر جگہ بنانے اور مسابقتی ماحول کیلئے کچرے کو ٹھکانے لگانے کا مناسب انتظام ضروری ہے، عالمی بینک اس ضمن میں اربن ڈائیلاگ کے عمل میں پہلے سے شامل ہے۔
عالمی بینک سندھ حکومت کے ساتھ مل کر سویپ پراجیکٹ کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ اس پراجیکٹ کا بنیادی مقصد کورونا وائرس کے اثرات کو کم کرنا اور سیلاب سے نمٹنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ پراجیکٹ کے تحت کراچی میں کچرے کو بہتر طریقے سے ٹھکانے لگانے میں بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔
ناجی بن حسائن نے کہا کہ کراچی میں اس وقت سیلاب کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں سندھ حکومت اپنے وسائل سے فنڈز کا اجراء کرے گی، سویپ پراجیکٹ کی منظوری کے بعد سندھ حکومت ہنگامی ضروریات کیلئے استعمال شدہ فنڈز کی واپسی کیلئے درخواست دے سکتی ہے۔