بیجنگ: چین نے امریکا کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے چین کی سوشل میڈیا ایپ وی چیٹ پر پابندی لگائی تو چینی صارفین ایپل کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاﺅ لی جیان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وسط ستمبر میں وی چیٹ اور ایک اور ٹک ٹاک پر پابندی لگانے بارے حالیہ بیانات پر رد عمل میں کہا کہ اگر امریکا وی چیٹ پر پابندی لگائے گا تو چینی صارفین ایپل کا بائیکاٹ کر دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر وی چیٹ پر پابندی لگتی ہے تو اس کے بعد چینی صارفین کے پاس آئی فون اور ایپل مصنوعات رہنے کا کوئی جواز نہیں رہتا۔
ترجمان نے اس سے قبل جمعرات کو بھی کہا تھا کہ چینی شہریوں کا موقف ہے کہ اگر امریکا وی چیٹ پر پابندی عائد کرتا ہے تو وہ آئی فونز کا استعمال بند کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں وی چیٹ کے ایک ارب 20 کروڑ صارفین ہیں تاہم امریکی انتظامیہ کی جانب سے اس کے استعمال پر پابندی عائد کرنے سے یہ ایک وسیع پلیٹ فارم سے محروم ہو جائے گی۔
دوسری جانب چینی سمارٹ فون مارکیٹ میں دوسری سہ ماہی کے دوران ایپل فونز کا حصہ 8 فیصد رہا۔