ولنگٹن: نیوزی لینڈ کے سٹاک ایکسچینج پر جمعرات کو مسلسل تیسرے روز سائبر حملے کی وجہ سے اس کی ویب سائٹ کریش کر گئی جس سے کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔
فرانسیسی خبررساں ادارے نے نیوزی لینڈ سٹاک کے حوالے سے بتایا کہ سٹاک ایکسچینج ان دنوں سائبر حملوں کی زد میں ہے اور جمعرات کو تین روز میں تیسری دفعہ سائبر حملے کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں۔
نیٹ ورک کے مسائل کے باعث دن 11:10 پر ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیاں معطل ہوئیں، اس دورانیے میں کمپیوٹر سسٹم میں خلل کی صورتحال رہی۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل اور بدھ کو سائبر حملوں کے نتیجے میں عارضی کاروباری تعطل کے بعد جمعرات مسلسل تیسرا دن رہا جس میں سٹاک ایکسچینج کی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
سائبر حملے کے نتیجے میں سٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ کریش ہو گئی جس بارے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ حملہ بیرون ملک سے کیا گیا۔
حکام کا کہنا تھا کہ ہم اپنے کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں اور کل (جمعے کو) کاروباری سرگرمیاں بھرپور انداز میں شروع کرنے کی کوشش کریں گے۔