مالی سال 2020ء : لکی سیمنٹ کے مجموعی منافع میں 40 فیصد کمی

گزشتہ برس کمپنی کے بعد ازاں ٹیکس منافعے کا حجم 12.3 ارب روپے تھا جبکہ مالی سال 2020 میں اس نے 7.32 ارب روپے کا منافع کمایا

1092

لاہور : لکی سیمنٹ نے 30 جون کو اختتام پذیر ہونے والے مالی سال 2020 کے مالی نتائج جاری کر دیے جس کے مطابق اس کے بعد از ٹیکس منافع میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 40 فیصد کمی ہوئی ہے۔

گزشتہ برس کمپنی کے بعد از ٹیکس منافعے کا حجم 12.3 ارب روپے تھا جبکہ مالی سال 2020ء میں اس نے 7.32 ارب روپے کا منافع کمایا۔

اس آمدنی کی بدولت کمپنی کی فی حصص آمدنی  18.96  روپے ہوگئی جو کہ پچھلے سال 35.03 روپے تھی تاہم رواں برس کمپنی کا ٹرن اوور 162.87 ارب رہا جو کہ گزشتہ برس کی نسبت 19 فیصد زائد ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سیمنٹ فیکٹریوں کے من مانے نرخوں کے خلاف حکومت، مسابقتی کمیشن اِن ایکشن

مالی سال 2020ء میں کمپنی کے منافعے میں کمی کی بڑی وجہ ہولڈنگ کمپنی کے منافعے میں 79 فیصد کمی تھی جس کی وجہ پیداواری لاگت کا بڑھ جانا ہے۔

تاہم  غیر ملکی آپریشنز کے منافعے میں اضافے  نے ہولڈنگ کمپنی کے منافعے میں کمی کا کچھ ازالہ کردیا۔ غیر ملکی آپریشنز کے منافعے میں اضافے کا کریڈٹ سیل بڑھنے، عراق اور کانگو میں سیمنٹ کی قیمت میں اضافے کو جاتا ہے۔

2020 میں کمپنی کے مجموعی سیلز حجم میں 0.6 فیصد کمی ہوئی اور یہ 7.63 ملین ٹن کی سطح پر آگیا۔ مقامی سطح پر کمپنی کے سیمنٹ کی فروخت میں 7.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

تاہم کمپنی کی برآمدات میں 18.8 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ گزشتہ سال کی  1.82 ملین ٹن سے بڑھ کر 2.16 ملین ٹن ریکارڈ کی سطح پر پہنچ گئیں۔

یہ بھی پڑھیے: بھاری ٹیکسوں، ناقص پالیسیوں کی وجہ سے سیمنٹ سیکٹر کو بدترین خسارے کا سامنا

مزید برآں مقامی سطح پر کم سیلز کے دباؤ کے توڑ کے لیے کمپنی نے کلنکر برآمدات میں گزشتہ برس یعنی مالی سال 2019 کی نسبت 32 فیصد اضافہ کیا۔

اس کے علاوہ پیداواری اور ترسیل کی لاگت بڑھنے اور کورونا کے مضر اثرات نے بھی کمپنی کے منافعے کو نقصان پہنچایا جوکہ بعد ازاں ٹیکس 3.34 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔

سٹینڈ الون بنیاد پر کمپنی کی فی حصص کمائی 10.34 روپے ریکارڈ کی گئی جو کہ 2019 میں 32.44 روپے تھی ۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here