اسلام آباد: محکمہ آڈیٹرجنرل آف پاکستان نے کورونا وائرس کی وباء سے متعلق تمام اخراجات کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد متعلقہ حکومتی دفاترمیں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔
آڈیٹرجنرل آف پاکستان آفس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق محکمہ نے وباء نمٹنے کیلئے حکومتی کوششوں میں معاونت فراہم کرنے کے ضمن میں کوویڈ اخراجات بارے مختصر اور فوری رپورٹس دینے کی منصوبہ بندی کی ہے۔
اس ضمن میں آڈیٹرجنرل آف پاکستان جاوید جہانگیر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کوویڈ 19 سے متعلق اخراجات کے آڈٹ کیلئے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
آڈیٹرجنرل نے یہ بات زوردے کر کہی کہ معیاری آڈٹ رپورٹس کی تیاری کیلئے تمام فیلڈ آفسز کو مربوط انداز میں کام کرنا چاہئیے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی وباء کے آغاز کے بعد پبلک فنانشل ڈسپلن اوراحتساب و شفافیت کے ضمن میں آڈیٹر جنرل آفس کا کام اہمیت کا حامل ہے۔
جاوید جہانگیر نے کہا کہ کوویڈ اخراجات کے آڈٹ کے حوالہ سے پارلیمان، میڈیا، عوام اور حکومت کی توقعات سے بخوبی آگاہ ہیں۔
اجلاس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان ون اینڈ ٹو، ڈپٹی آڈیٹرز جنرل اور کوویڈ 19 سے متعلق اخراجات کے ڈائریکٹر جنرل آف فیلڈ آفسز نے شرکت کی۔
اجلاس میں کوویڈ 19 سے متعلق اخراجات جیسے اشیاء و خدمات کی خریداری، اشتہار بازی، سٹوریج، ریلیف فنڈز، قرنطینہ مراکز، اسپتالوں کی طرف سے فراہم کردہ خدمات، ٹیسٹنگ، راشن اور تقسیم کار کا جامع آڈٹ کیا جائیگا۔