60 ہزار میٹرک ٹن گندم لیکر پہلا جہاز آج کراچی پہنچے گا

649

کراچی: پاکستانی تاجروں نے 6 لاکھ میٹرک ٹن گندم کے درآمدی سودے کر لئے ہیں۔ پہلا جہاز 60 ہزار میٹرک ٹن گندم لیکر(آج) بدھ  کو کراچی پہنچے گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں سال جنوری کے تیسرے ہفتے میں نجی سیکٹر کو گندم کی ڈیوٹی فری درآمد کی اجازت دی تھی تاکہ غذائی تحفظ اور گندم اور آٹے کی مناسب قیمت پر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکومت کی جانب سے ڈیوٹی فری گندم کی درآمد کی اجازت ملنے کے بعد پاکستانی تاجروں نے گندم کی درآمد کے معاہدے کر نا شروع کر دیے تھے اور اب تک چھ لاکھ میٹرک ٹن گندم کی درآمد کے سودے طے پا گئے ہیں۔

اجناس کے شعبے سے وابستہ بڑے امپورٹر مزمل چیپل نے بتایا کہ اجناس کے پاکستانی درآمد کنندگان نے مجموعی طور پر گندم کے 9 جہاز بک کروائے ہیں جن میں سے ہر ایک 60 ہزار سے 65 ہزار میٹرک ٹن ہے اور پہلی کھیپ (آج) بدھ کو کراچی پہنچے گی۔

انہوں نے بتایا کہ بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر بین الاقوامی منڈی میں گندم کی قیمتوں میں قدرے اضافہ ہو رہا ہے اس وقت گندم کی درآمد مختلف قیمتوں پر کی جارہی ہے۔ اس وقت گندم کی قیمت بین الاقوامی منڈی میں تقریباً 240 ڈالر فی ٹن ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گندم کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ رہی ہے اور دوسری کھیپ بھی اس ماہ کے آخری ہفتے میں پہنچنے کی امید ہے۔

وائی ایم سمٹ نامی ایک جہاز جس میں 60 ہزار ٹن گندم شامل ہے ، بدھ 26 اگست کو پاکستان پہنچے گا اور اسے آف لوڈنگ میں کم از کم 10 دن لگیں گے۔

مزمل چیپل نے کہا کہ درآمدی گندم کی آمد سے ملک میں اجناس اور گندم کی قیمتوں میں استحکام آئے گا اور قیمت کم ہو جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ درآمدی گندم اب تک پاکستان نہیں پہنچی مگر ملک بھر میں گندم کی قیمتیں بتدریج کم ہوتی جا رہی ہیں۔ گندم کی قیمتیں 7 روپے کم ہو کر 46 روپے فی کلو گرام تک پہنچ گئیں جبکہ پنجاب میں گندم کی قیمتیں بھی 6.50 روپے کم ہو کر 48.50 روپے فی کلو گرام ہوگئیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here