سڈنی: آسٹریلیا کی قومی ایئرلائن ” قنطاس ایئر“ نے مزید 2500 ملازمین فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کی وجہ کورونا لاک ڈاﺅن کے باعث ہونے والا بھاری خسارہ ہے۔
ملازمین کی فراغت سے ایئرلائن کو سالانہ 72 ملین امریکی ڈالر کی بچت ہو گی۔
قنطاس کے چیف ایگزیکٹو آفیسراینڈریو ڈیوڈ نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے باعث دیگر ایئرلائنز کے ساتھ ساتھ قنطاس کو بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ایئرلائن اب 10 ارب ڈالر کے بچت کے ایک پروگرام پر عمل پیرا ہے اور ملازمین کی برطرفی اسی پروگرام کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپریل اور جون کے درمیانی عرصے (دوسری سہ ماہی) میں ایئرلائن کی آمدنی میں 82 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد 200 سے زیادہ طیارے گراﺅنڈ کر دیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری سفری صلاحیت کورونا سے قبل کے 20 فیصد کے برابر ہے، سفری پابندیوں کے مکمل خاتمے کے بعد مارکیٹ کا منظر یکسر مختلف ہو گا۔