لندن: برطانوی ریٹیل کمپنی ٹیسکو نے گھریلو ضروریات کی آن لائن طلب میں اضافے کے باعث مستقل بنیادوں پر مزید 16 ہزار ملازمین بھرتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ٹیسکو کے چیف ایگزیکٹو جیسن ٹیری نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث لوگوں میں گھریلو ضروریات کی اشیاء ( گروسریز) آن لائن منگوانے کا سلسلہ بہت زیادہ ہو گیا ہے جس سے نمٹنے کے لیے مزید 16 ہزار ملازمین مستقل بنیادوں پر بھرتی کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے دوران آن لائن صارفین کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، برطانیہ اور آئرلینڈ جیسے مقامات پر ہر ہفتے 15 پندرہ لاکھ کے قریب صارفین کو مصنوعات گھروں پر پہنچائی جارہی ہیں جن میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
اس سے قبل ٹیسکو کے چار ہزار کل وقتی ملازمین ہیں جبکہ کورونا وائرس کے دوران عارضی بنیادوں پر 47 ہزار کے قریب ملازمین بھرتی کیے گئے جن کے کنٹریکٹس مکمل ہونے والے ہیں۔