پیرس: امریکی سوشل میڈیا کمپنی فیس بک نے فرانسیسی حکام کو دس سالہ کاروباری دورانیے کے ٹیکس کے طور پر 106 ملین یورو (125 ملین ڈالر) ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی، امریکا نے جوابی کارروائی میں فرانسیسی درآمدات پر 25 فیصد ڈیوٹی عائد کرنے کا عندیہ دے دیا۔
فیس بک کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق اس نے فرانسیسی حکام کے ساتھ ٹیکس کے حوالے سے جاری بات چیت کے دوران 2009ء سے 2019ء کے عرصے کے لیے 106 ملین یورو کی ادائیگی پر رضا مندی ظاہر کی ہے تاہم موجودہ سال (2020ء) کے لیے مزید 50 فیصد ٹیکس ادا کیا جائے گا۔
سوشل میڈیا کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ہرجگہ اپنے ٹیکس باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں۔
دوسری جانب امریکی نمائندہ برائے تجارت رابرٹ لٹزر نے اس ٹیکس کو غیر منصفانہ اور اپنی ڈیجیٹل کمپنیوں کے خلاف حرکت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے جواب میں امریکا 1.3 ارب ڈالر کی فرانسیسی مصنوعات کی درآمد پر 25 فیصد ڈیوٹی عائد کرے گا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے کے حل تک ڈیوٹی عائد کرنے کا عمل روک رکھا جائے گا۔