نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام، ’بینک قرضوں کا عمل آسان بنائیں‘: وزیر اعظم

نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہائوسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کا اجلاس، نجی بینکوں کے صدور کی گھروں کی تعمیر کے فروغ کے لیے متعارف کرائی جانے والی پراڈکٹس پر بریفنگ

143

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بینکوں کی جانب سے تعمیرات کے شعبے میں متحرک کردار ادا کرنے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے درخواستوں کو آسان اور سہل بنایا جائے تاکہ کم اور درمیانہ آمدنی والے افراد اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار عمران خان نے اپنی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے ہائوسنگ، کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وزیرِ اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، معاونین خصوصی ملک امین اسلم، لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ، سید ذوالفقار عباس بخاری، ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر، چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل (ر) انور علی حیدر و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک کے تمام بڑے بنکوں کے صدور اور آباد کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ شرکاء کو تعمیرات کے شعبے میں بنکوں کی جانب سے آسان قرضوں اور رقوم کی فراہمی کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

صدر پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے تعمیرات کے فروغ کے لیے موافق پالیسیوں اور بنکوں کے لیے سہولت کاری سے نجی بنکوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ تمام بنک تعمیرات کے فروغ خصوصاََ کم اور درمیانہ آمدنی والے افراد کو گھر کی سہولت کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر بنک آف پنجاب اور صدر بنک الفلاح نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر کے فروغ کے لیے متعارف کرائے جانے والے پراڈکٹس پر بریفنگ دی۔

دیگر بنکوں کے صدور نے وزیر اعظم کو بتایا کہ تعمیرات کے فروغ کے حوالے سے بنکوں کی جانب سے پراڈکٹس تیار کی جا چکی ہیں جو کہ بہت جلد متعارف کرا دی جائیں گے۔

وزیراعظم نے بنکوں کی جانب سے تعمیرات کے شعبے میں متحرک کردار ادا کرنے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات کا شعبہ معیشت کے فروغ کا ضامن ہے۔ اس شعبے کے فروغ سے بنکوں کے لیے منافع بخش بزنس کے بے شمار مواقع میسر آئیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سےبنکوں کے تمام تحفظات کو دور کر دیا گیا ہے۔ بنکوں کی جانب سے دیے جانے والے قرضوں پر حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سبسڈی کی فوری فراہمی کے لیے سٹیٹ بنک کو با اختیار بنایا گیا ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان نے بینکوں کو ہدایت کی کہ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے درخواستوں کو آسان اور سہل بنایا جائے تاکہ کم اور درمیانہ آمدنی والے افراد اس سہولت سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here