’پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ایک ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں‘

جلد میڈ ان پاکستان موبائل فون متعارف کرائیں گے، اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کا افتتاح اکتوبر میں ہوگا،  وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق کا آئی ٹی ایکسپورٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب

477

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی و ٹیلی کام کی برآمدات 95 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر ایک ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں،57 فیصد آئی ٹی مصنوعات امریکا کو برآمد کی جا رہی ہیں، وفاقی دارالحکومت میں اکتوبر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں اپنے ذیلی ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے زیراہتمام آئی ٹی ایکسپورٹ ایوارڈز 2019ء کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں وفاقی سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی، پی ایس ای بی کے مینجنگ ڈائریکٹر عثمان ناصر سمیت آئی ٹی ماہرین اور وزارت آئی ٹی کے حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں آئی ٹی ایکسپورٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں کو ایوارڈ دیئے گئے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلیکام سید امین الحق نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ پاکستان سافٹ ویئر بورڈ کی مرہون منت ہے۔ آئی ٹی برآمدات میں اضافہ سے قومی خزانہ میں محصولات کی رقوم میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے پاکستان سافٹ ویئر بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عثمان ناصر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی پارکس کے قیام کیلئے وزارت منصوبہ بندی سے مل کر کوشیش کی جائیں، آئی ٹی پارکس کی تعمیر میں رکاوٹیں فوری طور پر دور کریں۔

وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ماضی میں گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری کی اجازت نہ دے کر غلطی کی گئی مگر وزارت آئی ٹی اس طرح کی غلطی نہیں کرے گی، پاکستان میں جلد میڈ ان پاکستان موبائل فونز کی تیاری آغاز کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باوجود پاکستانی آئی ٹی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ ہوا۔ آئی ٹی برآمدات 95 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر ایک ارب 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔ ان حوصلہ افزا نتائج کے پیش نظرآئندہ تین برس میں آئی ٹی برآمدات کا ہدف پانچ ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت امریکہ کو 57 فیصد آئی ٹی منصوعات برآمد کر رہا ہے جبکہ آئندہ آئی ٹی برآمدات کیلئے یورپی یونین اور مصر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں آئی ٹی پارک سے پاکستان میں آئی ٹی کے بزنس کو مزید فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر ٹیکسٹائل والوں کو مراعات مل سکتی ہیں تو آئی ٹی کو کیوں نہیں مل سکتیں۔ وزیراعظم عمران خان سے اس سلسلے میں ملاقات ہوئی ہے اور وزیراعظم نے مجھے الگ سے خصوصی طور پر ملاقات کیلئے بلایا ہے۔ میرا دفتر 24 گھنٹے کھلا ہے، آئی ٹی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ھوگا۔ اس مقصد کیلئے آئی ٹی کے لوگ کسی بھی وقت آسکتے ہیں۔

سیّد امین الحق نے کہا کہ آٹی سیکٹر میں صلاحیت موجود ہے اگلے چند سالوں میں بڑے ایکسپورٹر بن سکتے ہیں۔آی ٹی پارک کی منظوری کابینہ دے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا وژن اور وزیر آئی ٹی کی خواہش ہے کہ ہم میڈ ان پاکستان کے میدان میں مزید اپنا نام بنائیں۔ کورونا وائرس کی وبا کے دنوں میں بھی آئی ٹی سیکٹر کی کارکردگی متاثر کن رہی۔

انہوں نے کہا کہ ہم سال میں 20، 25 ہزار آئی ٹی کے نوجوان تیار کرتے ہیں۔ اسلام آباد میں آئی ٹی پارک کے حوالے سے کام تیزی سے جاری ہے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری شعیب احمد صدیقی، پی ایس ایس بی کے ایم ڈی عثمان ناصر سمیت آئی ٹی سیکٹر کی نمایاں شخصیات نے بھی خطاب کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here