اسلام آباد : حکومت نے سرکاری کارپوریشنز کے سربراہان کی تعیناتی کا اختیار کابینہ سے لے کر وزیراعظم کو دینے پر کام شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کو اس سلسلے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور 15 ستمبر تک رپورٹ وفاقی کابینہ کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
اس وقت سرکاری کارپوریشنز کے سربراہان کی تعیناتی کی منظوری وفاقی کابینہ اس مقصد کے لیے مخصوص قوانین کے ذریعے دیتی ہے اور اس حوالے سے ہر معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے اداروں کی سربراہان کی تعیناتی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
آئی پی پیز کیساتھ معاہدے سے بجلی سستی ہوگی، سرکاری کمپنیاں بھی نرخ پر نظر ثانی کریں گی: عمر ایوب
جعلی لائسنس : پی آئی اے انتظامیہ کی تازہ کاروائی میں متعدد ہواباز نوکری سے فارغ
تاہم اب حکومت نے متعلقہ وزارتوں کو قانون و انصاف ڈویژن کے ساتھ مشاورت کے ذریعے قوانین میں ترمیم کی ہدایت کر دی ہے تاکہ اداروں کے سربراہان کی تعیناتی کے عمل کو آسان اور تیز رفتار بنایا جا سکے۔
اس حوالے سے ذرائع نے پرافٹ اردو کو بتایا کہ 11 اگست کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے وزارتوں کی جانب سے سرکاری انٹرپرائزز کے سربراہان کی تعیناتی کے قوانین میں ترمیم میں سست روی پر برہمی کا اظہار بھی کیا تھا۔