اسلام آباد: 30 جون 2020ء کو ختم ہونے والی ششماہی کے دوران بینک الحبیب لمیٹڈ کی آمدنی میں 61.96 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
بینک الحبیب لمیٹڈ کے مالیاتی نتائج کے مطابق جنوری تا جون 2020ء کے دوران بینک کو 7.23 ارب روپے منافع ہوا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے دوران بینک الحبیب کو 4.46 ارب روپے منافع ہوا تھا۔
اسی طرح گزشتہ سال 2019ء کی پہلی ششماہی کے مقابلہ میں رواں سال کے اسی عرصہ کے لئے بینک الحبیب کے منافع میں 2.77 ارب روپے یعنی 61.96 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
منافع میں اضافہ کے نتیجہ میں بینک کی فی حصص آمدنی بھی 6.50 روپے تک بڑھ گئی۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصہ کے دوران بینک کے ڈیپازٹس میں 15.27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور گزشتہ سال کے مقابلہ میں ڈیپازٹس کا حجم 138.02 ارب روپے کے اضافہ سے 1.04 کھرب تک پہنچ گیا۔
مزید برآں بینک کی جانب سے قرضوں کی فراہمی میں 4.43 فیصد اضافہ ہوا اور 30 جون 2020ء تک قرضوں کا حجم 510.31 تک بڑھ گیا جبکہ 31 دسمبر 2019ء تک بینک کی جانب سے 488.67 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے تھے۔