31 اگست تک پوائنٹ آف سیل نظام کا حصہ بنیں ورنہ کاروبار بند: ایف بی آر

ریٹیل آوٹ لیٹس کو رجسٹرڈ کرانے کی آخری تاریخ 31 اگست، رجسٹرڈ نہ ہونے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ ہو گا: ایف بی آر

510

اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے پوائنٹ آف سیل نظام کے ساتھ اب تک 7 ہزارکے قریب کاروبار منسلک ہو چکے ہیں جبکہ ٹیئر۔ون میں شامل ریٹیل آوٹ لیٹس کو رجسٹرڈ کرانے کی آخری تاریخ 31 اگست 2020ء مقرر کی گئی ہے جس کے بعد جرمانہ یا کاروباری بندش کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔

ایف بی آر کے حکام کے مطابق معاشی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کی صورت میں پوائنٹ آف سیل نظام کی تعداد کو پہلے 15 ہزار اور پھر اسے بتدریج 25  ہزار تک پہنچانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔

اس نظام کے تحت ریٹیل سٹورز پر خریداری کرتے وقت ہی رسید کی کاپی خود کار نظام کے تحت ایف بی آر کے نظام کا حصہ بن جاتی ہے۔ اس نظام سے متعلقہ شکایات کا ازالہ بھی کیا جارہا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق اس نظام کا دائرہ کار بتدریج پورے ملک تک پھیلایا جا رہا ہے۔ ایف بی آر نے ایک دفعہ پھر تمام بڑے ریٹیلرز کو یاد دہانی کرائی ہے کہ وہ پوائنٹ آف سیل نظام کے ساتھ 31 اگست 2020 تک منسلک ہوجائیں ۔

ایسے تمام بڑے ریٹیلرز جن کے ملک بھر میں چین سٹورز ہیںِ، ائیر کنڈیشنڈ شاپنگ مالز میں واقع ہیں، ان کا بجلی کا بل پچھلے سال 12 لاکھ روپے سے تجاوز کر چکا ہو، دوکان کا سائز ایک ہزار مربع فٹ یا اس سے زائد ہو یا پھر ایسے ریٹیلرز جو کہ بڑی تعداد میں تھوک کے حساب سے اشیاء کی درآمد یا سپلائی کرتے ہیں، ان سب کے لئے لازم ہے کہ وہ 31 اگست 2020 تک اپنے تمام ریٹیل مراکز پی او ایس نظام کے ساتھ منسلک کر لیں۔

 ایف بی آر کے مطابق آخری تاریخ گزرنے کے بعد ان پر 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے اور جرمانہ کی ادائیگی کے بعد مزید خلاف ورزی پر ایسے تمام ریٹیل مراکز کو بند کر دیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here