لاہور : احتساب عدالت نے شریف گروپ آف کمپنیز کے چیف فنانشل آفیسر کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔
قومی احتساب بیورو نے محمد عثمان کو احتساب عدالت کےایڈمن جج جواد الحسن کے سامنے پیش کیا۔
عدالت میں سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ شریف گروپ کے چیف فنانشل آفیسر محمد عثمان کا شریف فیملی کے لیے منی لانڈرنگ کرنے میں کلیدی کردار ہے کیونکہ یہ اکاؤنٹس کی دیکھ بھال کے ذمہ دار تھے۔
انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ منی لانڈرنگ کیس میں وعدہ معاف گواہ مشتاق چینی نے بھی محمد عثمان کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ محمد عثمان سلمان شہباز کی ہدایت پر قاسم قیوم کے ساتھ مل کر جعلی ٹی ٹی کا نظام چلا رہے تھے۔
فریقین کے وکلا کے دلائل کے بعد عدالت نے محمد عثمان کو مزید چودہ روز کےجسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے حکم دیا کہ ریمانڈ کے خاتمے پر ملزم کو دوبارہ عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ نیب نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے۔