’پی آئی اے کی یورپ کو پروازیں 2 ماہ میں بحال ہونے کا امکان‘

563

لاہور: وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت یورپ کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پروازیں آئندہ دو ماہ میں بحال کرنے کے لیے ہر ممکن سفارتی اور تکنیکی ذرائع استعمال کر رہی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق غلام سرور خان نے کہا ہے کہ قومی ائیرلائن یورپین یونین ائیرسیفٹی ایجنسی (ای اے ایس اے) سے رابطے میں ہے اور ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے کے جعلی پائلٹ لائسنسز کے معاملے پر حدشات کو دور کرنے کے لیے ضروری اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ای اے ایس کی جانب سے پی آئی اے پرعائد کردہ 31 اگست تک کی پابندی کے خلاف بھی درخواست دائر کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

جعلی لائسنس : پی آئی اے انتظامیہ کی تازہ کاروائی میں متعدد ہواباز نوکری سے فارغ

تنخواہ زیادہ، کام کم، پی آئی اے پائلٹس کے بارے میں رپورٹ میں مزید کیا ہے؟

اس سے قبل پی آئی اے کے 262 پائلٹوں کے لائسنسز کو جعلی قرار دیا گیا تھا، جو یورپی ممالک میں پی آئی اے کے آپریشنز کی منسوخی کی وجہ بنے۔ ای اے ایس اے کے بعد برطانیہ نے بھی پی آئی اے کی پروازوں پر لندن، برمنگھم اور مانچسٹر میں پابندی عائد کر دی تھی۔

رپورٹ کے مطابق وزیر ہوا بازی نے کہا کہ پی آئی اے کی یورپ میں پروازیں کسی دوسرے ذرائع سے فعال کی گئی ہیں، یوں قومی ائیرلائن مسافروں کو ترکی سے کسی دوسری فلائٹ کے ذریعے یورپین ممالک اور برطانیہ میں بھیج رہی ہے۔

وزیرہوابازی غلام سرور خان نے کہا کہ یہ انتظامات عارضی طور پر کیے گئے ہیں، پی آئی اے یورپ میں اپنی پروازوں کو دو ماہ میں بحال کرے گی۔

دوسری جانب قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کی پیرس کے لئے متبادل ذرائع سے پروازیں بحال ہو گئی ہیں۔ قومی ائیر لائن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی ائی اے کی پہلی پرواز پیرس سے اسلام آباد 260 مسافر لے کے کر روانہ ہو گئی۔ یہ پرواز پیرس کے مقامی وقت کے مطابق دو بجے روانہ ہوئی۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ پی آئی اے معزز مسافروں کو پاکستان کے براہ راست سفر کے لئے متبادل ذرائع سے اقدامات کر رہی ہے۔ پرواز کے ذریعے 2.4 ٹن کارگو بھی پاکستان روانہ کیا گیا ہے۔

پیرس ائر پورٹ پر پی آئی اے کے کنٹری مینیجر اور اسٹیشن مینجر نے مسافروں کو رخصت کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here