کراچی: آل پاکستان ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن (اپرا) کے کنوینر اطہر چاؤلہ نے سندھ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کی پابندیاں نرم کرتے ہوئے صوبے بھر کے تمام ریسٹورنٹس رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دینے کا خیرم مقدم کیا ہے تاہم ریسٹورنٹس کھولنے کے دورانیے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی 24 گھنٹے ریسٹورنٹس کھولنے، ٹیبل سروس اور ٹیک اوے کی اجازت دی جائے۔
اطہر چاؤلہ نے اپیل میں کہا کہ سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام ریسٹورنٹس رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے جہاں ٹیبل سروس بھی ہوگی اور ریسٹورنٹس میں کھانے کا آرڈر رات 9 بجے تک لیا جا سکے گا جبکہ ہفتے کی رات ریسٹورنٹس رات 11 بجے تک کھولے جا سکیں گے نیز شہری ریسٹورنٹس سے ہفتے کے 6 دن رات 10 بجے تک کھانا لے کرجا سکیں گے اور ہفتے کی رات 11 بجے تک کھانا ٹیک اوے کیا جا سکے گا جبکہ تمام ریسٹورنٹس میں کورونا کے حوالے سے ضابطہ کار پر عمل لازمی ہو گا اور گاہکوں کے درمیان 3 فٹ کا فاصلہ لازمی رکھنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے ریسٹورنٹس پہلے ہی سندھ حکومت کے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کر رہے ہیں تاہم حکومت کی جانب سے دیگر صوبوں کے برعکس سندھ میں 24 گھنٹے کی بجائے محدود دورانیے یعنی رات 10 بجے تک ریسٹورنٹس کھولنے کی پابندی سے ریسٹورنٹس مالکان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ کورونا کے باعث لاک ڈاؤن کے نتیجے میں ریسٹورنٹس انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے او ر اربوں روپے کی سرمایہ کاری ڈوبنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
اطہر چاؤلہ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے اپیل کی کہ سندھ حکومت ریسٹورنٹس انڈسٹری سے وابستہ افراد کو خطیر مالی نقصانات سے بچانے کے لیے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے اور ملک کے دیگر حصوں کی طرح صوبہ سندھ میں بھی ریسٹورنٹس 24 گھنٹے کھولنے، ٹیبل سروس اور ٹیک اوے کی اجازت دی جائے۔