کراچی: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعہ کے کاروباری روز کے دوران اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، کے ایس ای 100 انڈیکس میں 136 پوائنٹس کمی سے کاروبار 40029 پوائنٹس پر بند ہوا۔
جمعہ کے کاروباری روز کا آغاز ہوا تو کے ایس ای 100 انڈیکس میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور 299 پوائنٹس اضافے سے یہ 40465 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر گیا لیکن منفی رجحان سے 195 پوائنٹس کمی نے انڈیکس کو ریورس گئیر لگا دیا جس سے یہ 39971 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا۔ تاہم، کاروبار کا اختتام 136 پوائنٹس کمی سے 40029 پوائنٹس پر ہوا۔
دیگر اعشاریوں میں کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 249 پوائنٹس خسارے سے یہ 64060 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 30 پوائنٹس گراوٹ سے یہ 28042 پوائنٹس پر بند ہوا۔
گزشتہ کاروباری سیشن (جمعرات) کے دوران مجموعی مارکیٹ حجم 826 ملین شئیرز سے کم ہو کر 727 ملین شئیرز پر آگئے تھے۔ ورلڈکال ٹیلی کام، پاکستان انٹرنیشنل بلک ٹرمینل لمیٹڈ اور یونیٹی فوڈز لمیٹڈ کاروباری فہرست پر مستحکم دکھائی دیے۔
کاروباری سیشن کے دوران بینکنگ، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن اور سیمنٹ کے شعبوں نے 100 انڈیکس کو نقصان پہنچایا، دیگر کمپنیوں میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ اور حب پاور کمپنی لمیٹڈ نے بھی انڈیکس پر منفی اثرات مرتب کیے۔
دوسری جانب جمعہ کے کاروباری روز کے دوران 24 قیراط سونے کی قیمت میں 2500 روپے اضافہ ہوا جس سے سونے کی نئی قیمت 132000 روپے فی تولہ ہو گئی ہے، گزشتہ کاروباری روز کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت 129500 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔