پلاننگ کمیشن نے 16 ارب لاگت کے 4 منصوبوں کی منظوری دیدی

44.172 ارب روپے کی لاگت کے دو منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے

510

اسلام آباد: ڈپٹی چئیرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کے اجلاس میں 16.112 ارب روپے لاگت کے 4 منصوبے منظور جبکہ 44.172 ارب روپے کی لاگت کے دو منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ حمیر کریم ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی، ثقافت و سیاحت، ٹرانسپورٹ اینڈ مواصلات، خوراک و زراعت اور گورننس سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے۔

سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 48.0 میگاواٹ جاگرن ہائیڈرو پاور سٹیشن فیز۔ 11 ڈسٹرکٹ نیلم کے قیام کے لیے 11372.135 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے حتمی منظوری کے لیے نے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔

اجلاس میں لاہور قلعہ اور اس کے بفر زون میں لاہور ٹورازم ڈویلپمنٹ میں ثقافتی ورثہ اور اربن جنریشن کے لیے 365.5 ملین روپے کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کو منظور کر لیا گیا۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹ اینڈ مواصلات سے متعلق تین منصوبے پیش کیے گئے جس میں پہلا منصوبہ پسنی فش ہاربر پروجیکٹ کی بحالی کے لیے 1454.987  ملین روپے ، دوسرا منصوبہ کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ کے انفراسٹرکچر اپ گریڈیشن کے لیے 7789.2 ملین روپے جبکہ تیسرا منصوبہ زیارہ سے ڈبوری ، ضلع اورکزئی تک سڑک کی تعمیر کے لیے 3213.217 ملین روپے کا پیش کیا گیا۔ اجلا س میں تینوں منصوبوں کو منظور کر لیا گیا۔

سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ٹڈی دل ایمرجنسی اور فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ کے لیے 32800 ملین روپے کا منصوبہ پیش کیا گیا، یہ منصوبہ چاروں صوبوں کے 18 اضلاع میں عمل میں آئے گا، اس منصوبے کا مقصد ٹڈیوں کی وبا پر قابو پانے کے ساتھ فوڈ سیکیورٹی اور اس شعبے کی نمو کو بڑھانا ، فوڈ سکیورٹی کے قومی نظام کو بہتر کرنا اور ٹڈی کے حملے سے منسلک منفی معاشرتی اور معاشی اثرات کو کم کرنا ہے۔ اجلا س نے منصوبے کی حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here