راولپنڈی: محکمہ زراعت پنجاب نے کھاد سبسڈی واﺅچرز کی تصدیق میں کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ زراعت پنجاب کے ترجما ن نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو کھادوں کی خریداری پر سبسڈی کی فراہمی جاری ہے، غیر ادا شدہ سبسڈی واﺅچرز کی تصدیق کے بعد کاشتکاروں کو سبسڈی کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کے لیے ڈی اے پی پر 500 روپے، این پی پر 200 روپے، ایس ایس پی پر 200 روپے، ایس او پی پر 800 روپے، ایم او پی پر 500 روپے اور این پی کے پر 300 روپے فی بیگ سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔
کھادوں پر سبسڈی کے حصول کیلئے تاحال کاشتکاروں کو ادائیگی کا عمل جاری ہے اور کاشتکاروں کو غیر ادا شدہ سبسڈی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ زراعت نے ایک موبائل ایپ کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے غیر اداشدہ سبسڈی کے وائوچرز کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ تصدیق مکمل ہوتے ہی کاشتکاروں کو رقم کی ادائیگی کر دی جائے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تمام ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے متعلقہ علاقوں میں موجود کاشتکاروں کے غیر ادا شدہ سبسڈی وائوچرز کی تصدیق کے عمل کو تیز کریں اور اس سلسلے میں کاشتکاروں کو ہر ممکن طریقے سے آگاہی فراہم کریں تاکہ تصدیق کا یہ عمل جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔