پی آئی اے، انشورنس کمپنی کے مذاکرات کامیاب، طیارہ حادثہ شہداء کے لواحقین کو ادائیگی کا اعلان

تمام مسافروں کے قانونی ورثاء کو ایک کروڑ روپے فی مسافر انشورنس کی مد میں ادا کئے جائیں گے، بڑھائی گئی انشورنس کی رقم پہلے سے ادا کی گئی رقم کے علاوہ ہے، ترجمان

220

اسلام آباد: قومی ائیر لائن (پی آئی اے ) کی انتظامیہ کی جانب سے طیارہ حادثہ کے شہداء کے لواحقین کو ایک کروڑ فی مسافر ادائیگی کا اعلان کیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ائیر مارشل ارشد ملک کے انشورنس کمپنی کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں جس کے بعد انشورنس کی رقم کی ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ اس سے قبل تمام لواحقین کو پچاس لاکھ روپے ادا کئے جانے تھے جو کیرج بائی ائیر ایکٹ 2012ء کے مطابق تھے۔

وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کی جانب سے سی ای او پی آئی اے کو خصوصی ہدایات دی گئی تھیں کہ جلد از جلد لواحقین کو معاوضہ کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ اب تمام مسافروں کے قانونی ورثاء کو ایک کروڑ روپے فی مسافر انشورنس کی مد میں ادا کئے جائیں گے۔ اس سے قبل پی آئی اے دس لاکھ روپے فی مسافر جنازے اور تدفین کے زمرے میں پہلے ہی ادا کر چکی ہے۔ بڑھائی گئی انشورنس رقم پہلے سے ادا کی گئی رقم کے علاوہ ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے اس سلسلے میں کام مکمل کرلیا ہے اور اب اسے قانونی ورثاء کی جانب سے جانشینی سرٹیفیکیٹ کا انتظار ہے، اس سلسلے میں ورثاء کو خطوط ارسال کئے جا رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here