پنجاب اور خیبر پختون خوا کی طرح سندھ بھی ملوں کو سستی گندم فراہم کرے : علیم خان

پنجاب میں سرکاری گندم کی کم قیمت پر فراہمی کی وجہ سے آٹے کا بیس کلو والا تھیلا 860 روپے میں مل رہا ہے، سندھ حکومت بھی عوام پر ترس کھائے اور ملوں کو سستی گندم فراہم کرے : سینئیر وزیر پنجاب

525

لاہور : پنجاب کے سینیئر وزیر علیم خان نے سندھ حکومت  سے کہا ہے کہ صوبے کی فلور ملوں کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی طرز پر سبسڈی پر گندم فراہم کی جائے۔

صوبائی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سیاسی اختلاف ایک طرف کرکے لوگوں پر ترس کھائے اور سستے داموں گندم کی فراہمی شروع کرے۔

انکا کہنا تھا کہ پنجاب میں سرکاری گندم کی کم قیمت پر فراہمی کے باعث صوبے میں گندم کا بیس کلو والا تھیلا 860 روپے میں دستیاب ہے لیکن یہی تھیلا رحیم یار خان سے گزر کرسندھ میں داخل ہونے پر بارہ سو روپے کا ہوجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

وزیراعظم نے گندم کے ذخیرہ اندوزوں کےخلاف ڈنڈا اُٹھالیا ، زبردست ہدایات جاری

قلت سے بچنے کے لیے حکومت کا 14 لاکھ ٹن مہنگی گندم درآمد کرنے کا فیصلہ

ٹڈی دل کا حملہ نیا مگر گندم کا بحران تو نیا نہیں!

انہوں نے مزید کہا کہ آئین پاکستان کے تحت کوئی صوبہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت  روک نہیں سکتا۔

انہوں نے وزیراعلی سندھ سے اپیل کی کہ معاملے پر فوری اقدام اُٹھاتے ہوئے سندھ میں فلور ملوں کو سستے داموں گندم فراہم کی جائے۔

انکا کہنا تھا کہ اگر پنجاب اور خیبر تونخوا ایسا کرسکتے ہیں تو سندھ بھی ایسا کرسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  پنجاب میں فلور ملوں کو یومیہ 17 ہزار ٹن گندم فراہم کی جارہی ہے  اور عید کے دنوں میں اس سپلائی کو بڑھا کر 32 ہزار ٹن کردیا گیا تھا۔

انکا کہنا تھا کہ صوبے کے پاس دس ماہ کی گندم ہے اور قلت سے بچنے کے لیے اسکی دسمبر سے پہلے درآمد ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کو سات سے آٹھ لاکھ ٹن درآمد شدہ گندم درکار ہوگی اور اب تک چار لاکھ چوالیس ہزار ٹن گندم کی درآمد کے آرڈر دیے جاچکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا بارشوں اور دوسری وجوہات کی بنا پر بالائی پنجاب میں گندم کی پیداوار کم ہوئی ہے جبکہ محکمہ خوراک نے چار ملین میٹرک ٹن گندم کی ریکارڈ خریداری کی ہے اور اس عمل میں کسانوں کو قیمت کی ادائیگی ایک ہی دن میں کی گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here