اسلام آباد: سٹیٹ بنک کی کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ری فنانس سکیم کے تحت ہسپتالوں اور طبی مراکز کو اب تک 5 ارب 97 کروڑ 92 لاکھ 70 ہزار روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے ہیں۔
سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق 24 جولائی تک اس سکیم کے تحت 35 ہسپتالوں اور طبی مراکز نے 7 ارب 11 کروڑ 85 لاکھ روپے کے قرضہ جات کیلئے درخواستیں دیں جن میں سے 29 درخواستوں کی منظوری دی گئی ۔
ان 29 ہسپتالوں اور طبی مراکز کو کل 5 ارب 97 کروڑ 92 لاکھ 70 ہزار روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے۔
سٹیٹ بینک نے مئی میں کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کی کوششوں کو تقویت دینے کیلئے ہسپتالوں اور طبی مراکز کیلئے قرضہ کی حد 20 کروڑ روپے سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دی تھی۔
سٹیٹ بینک بینکوں کو یہ سکیم بلا سود فراہم کر رہا ہے جبکہ دیگر بینک ہسپتالوں یا طبی مراکز کو تین فیصد سالانہ کی شرح سے قرضے فراہم کر رہے ہیں۔
سٹیٹ بنک کے مطابق قرضوں کی حد بڑھانے کے نتیجہ میں کووڈ۔19 کے مریضوں کے علاج کیلئے بڑے پیمانے پر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔