پشاور: خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیر برائے مزدور اور ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ کے پی حکومت 2021 میں پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کا افتتاح کرے گی۔
وزیر کے پی نے مقامی میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ بی آر ٹی منصوبے پر تعمیراتی کام جاری ہے جو 2021 میں مکمل کر لیا جائے گا۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے کمرات ویلی میں کیبل کار منصوبے کی فیزیبلٹی رپورٹ کی منظوری دے دی ہے، منصوبہ خطے میں سیاحت کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گا۔
اس سے قبل، پشاور ہائی کورٹ (پی ایچ سی) نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کو پشاور بی آر ٹی منصوبے کے خلاف جامع تفتیش کا حکم دیا تھا، تاہم، مئی میں سپریم کورٹ (ایس سی) نے کے پی حکومت کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے برعکس سٹے آرڈر کی مدت میں توسیع کی تھی۔
پی ایچ سی نے نومبر میں ایف آئی اے کو مذکورہ منصوبے سے متعلق ہر پہلو پر تفتیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم، کے پی حکومت اور پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نے فیصلے کے خلاف اپیکس کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔ بعدازاں، رواں سال فروری میں سپریم کورٹ نے فیصلے کے خلاف سٹے آرڈر کی منظوری دی تھی۔
مئی میں ایک سماعت کے دوران، عدالتِ عالیہ نے منصوبے کی تکمیل میں مسلسل تاخیر کے دفاع کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ “یہ ایک قدم آگے بڑھنے اور دو پیچھے” اٹھانے کی مثال ہے۔
درخواست گزار نے دعویٰ کیا تھا کہ تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد منصوبے کے کچھ حصوں کو ختم کر دیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں درخواست گزار نے کہا کہ منصوبہ 31 جولائی کو مکمل ہونا تھا تاہم تعمیراتی کام کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے غیرمعمولی حالات کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔