اسلام آباد: مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں انڈسٹریل سیکٹر کی سہولت کے لیے کوئی نئے ٹیکسز عائد نہیں کرے گی۔
نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئندہ دنوں میں بجٹ خسارے کو نو فیصد تک کرنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی۔ حفیظ شیخ نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح کورونا وائرس بھی ہماری نیشنل اکانومی کو بری طرح متاثر کرے گی اور کفایت شعاری اختیار کرتے ہوئے حکومت اپنے اخراجات کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا آئندہ بجٹ میں بنیادی مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے،بجٹ میں بہت سی چیزوں پر ڈیوٹیز کم کی جائیں گی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ان شعبوں کو پیکیج دے گی جو معاشی سرگرمیاں اور روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی20 ممالک کے ریلیف پروگرام کے تحت 1.8 ارب ڈالر کی ادائیگی میں چھوٹ دی جائے گی۔