بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے تیار ہیں: مشیر خزانہ

بجٹ موجودہ معاشی حالات کے تقاضوں اورمعیشت کے ساختی مسائل کے اختراعی حل کے مطابق ہوگا، وڈیو لنک کے ذریعہ ڈاکٹر اکرام الحق کے ساتھ ملاقات

277

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے تیار ہے، بجٹ موجودہ معاشی حالات کے تقاضوں اور معیشت کے ساختی مسائل کے اختراعی حل کے مطابق ہوگا۔

انہوں نے یہ بات پیرکویہاں وزارت خزانہ میں وڈیو لنک کے ذریعہ ڈاکٹر اکرام الحق کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، ملاقات میں ملک میں موثرڈیٹا رسائی اور تصدیقی میکنزم کے ذریعہ ٹیکس کی ساخت کو بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ چئیرپرسن ایف بی آر، سیکرٹری خزانہ اورسابق سیکرٹری خزانہ ڈاکٹروقارمسعود خان بھی اس موقع پرموجود تھے۔

وزیراعظم کے مشیر نے ملک بھر کی منتخب مارکیٹوں اورایوان ہائے صنعت وتجارت سے ڈیٹا جمع کرنے کے ضمن مین ڈاکٹراکرام الحق کے کام کو سراہا۔ ڈاکٹر اکرام الحق نے وزیراعظم کے مشیر کو محصولات جمع کرنے کے عمل کو موثر بنانے کیلئے ڈیٹا کے حصول اوراس کی تصدیق کیلئے بعض تیکنیکی معاملات سے آگاہ کیا ۔

ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ اس مشق کا بنیادی مقصد ماہرین سے مشاورت ہے تاکہ ملک میں محصولات جمع کرنے کے نظام میں پائی جانی والی بنیادی خامیوں کودورکرنے کیلئے بہتر تجاویزسامنے آسکیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں ہمیں موجودہ حالات سے پیدا ہونے والے چیلنجز کے بارے میں زیادہ مستعد اور فعال رہنے کی ضرورت ہے، حکومت بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے تیار ہے، بجٹ موجودہ معاشی حالات اورمعیشت کے ساختی مسائل کے اختراعی حل کے مطابق ہوگا۔

انہوں نے ڈاکٹر اکرام الحق کو اپنی سفارشات و تجاویر جامع اورعملی انداز میں وزارت کے ساتھ  شئیر کرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں آنے والے بجٹ کاحصہ بنایا جاسکے۔ انہوں نے موثر بجٹ سازی کیلئے ایف بی آر کو مختلف ذرائع سے ڈیٹا حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here