بیجنگ: چین میں تعینات پاکستانی سفیر نغمانہ ہاشمی نے چینی کمپنیوں اور تاجروں کو پاکستان میں کاروبار کرنے کے لیے موزوں پالیسیوں کے تحت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے ایک چینی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چین قابلِ تجدید توانائی، برقی گاڑیوں، ایوی ایشن اور ٹرانسپورٹیشن، ٹیلی کمیونیکیشن، طبی سہولیات کی فراہمی، زراعت کے شعبہ میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال، ڈرپ اریگیشن اور ڈیری کی صنعت میں سرمایہ کاری کر کے فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس وقت چین کو گوشت برآمد کرنے کے حوالے سے شرائط پر پورا اترنے کے لیے کام کر رہے ہیں اور اب پاکستان اور چین کے درمیان کولڈ چین کا نظام قائم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔