لندن : کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کی خبروں کے سامنے آتے ہی عالمی منڈی میں تیل کے ذخائر میں کمی اور اس کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مہلک وباء کی ویکسین سے متعلق خبر کے آتے ہی برینٹ کروڈ کی قیمت 1.17 فیصد بڑھ کر 44.78 ڈالر جب کہ امریکی ویسٹ ٹیکساس کی قیمت بھی اتنے ہی اضافے کے ساتھ 42.53 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
صورت حال کے باعث امریکی خام تیل کے ذخائر میں گزشتہ ہفتے 51 لاکھ بیرل کی کمی ہو گئی اور یہ 48 کروڑ 20 ملین بیرل کی سطح پر آ گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے:
تیل کی عالمی طلب 2022ء تک وباء سے قبل کی سطح پر آنے کی توقع
سردیوں میں قلت سے بچنے کیلئے حکومت کو کتنی ایل پی جی گیس درآمد کرنی ہو گی؟
امریکی فارما کمپنی فائزر (Pfizer) اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک (BioNTech) کی تیار کردہ ویکسین کے کورونا کے علاج میں 90 فیصد تک موثر ہونے کی خبریں سامنے آنے پر برینٹ کروڈ اور ویسٹ ٹیکساس آئل کی قیمتوں میں رواں ہفتے اب تک 13 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔
تاہم جہاں ویکسین کے حوالے سے اچھی خبر کا تیل کی قیمتوں پر مثبت اثر پڑا ہے وہیں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر یورپ اور امریکا میں دوبارہ لاک ڈاؤن کے خطرے کی وجہ سے تیل کی طلب پر دوبارہ گہرے کالے بادل بھی منڈلا رہے ہیں۔
اگرچہ 2021ء میں حالات کورونا سے پہلے والی سطح پر جانے کی اُمید کے باعث تیل کی عالمی منڈی میں قیمتوں کو کافی سہارا ملا ہے مگر ابھی دنیا بالخصوص مغربی ممالک کو ایک مشکل موسم سرما کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اُدھر یورپ اور امریکا میں لاک ڈاؤن اور دیگر کورونا پابندیوں کی واپسی کے باعث تیل کی کھپت اور مانگ میں کمی کا آغاز ہو گیا ہے ۔