مصری اسٹارٹ اپ ٹرانسپورٹ کمپنی کا پاکستان کے بعد فلپائن، انڈونیشیا اور بنگلہ دیش میں بھی سروس شروع کرنے پر غور

1676

مصر کی موبائل ایپ بس سروس ’’اسٹارٹ اپ سویول ‘‘آئندہ سال کے آخر تک فلپائن ، انڈونیشیا اور بنگلہ دیش میں آپریشن شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔ یہ اسٹارٹ اپ ٹرانسپورٹ کمپنی مقررہ راستوں پر بسوں کی فراہمی سمیت صارفین کو سویول ایپ کا استعمال کرتے ہوئے کرائے کی ادائیگی، سٹاپ ٹو سٹاپ محفوظ اور آرام دہ سفر کے ساتھ فری وائی فائی کی سہولت دیتی ہے۔
سویول نے اپریل 2017 میں مصر میں کام شروع کیا اور 2019 میں سویول کو کینیا، نائیجیریا اور پاکستان کے بڑے شہروں میں لانچ کر دیا گیا۔ حال ہی میں اس کا صدر دفتر دبئی منتقل کردیا گیا ہے۔
سویول پاکستان کے جنرل منیجر شاہ زیب میمن نے سوموار کو برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں بتایا کہ ہم منیلا ، جکارتہ اور ڈھاکہ میں بھی اپنے دفاتر کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ کمپنی نے اب تک 80 ملین ڈالر جمع کر لئے ہیں جبکہ رواں سال اگست سے کراچی، لاہور اور جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں اپنی خدمات کا آغاز کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کمپنی 10 ہزار ملازمتیں پیدا کرنے کے لئے پاکستان میں 25 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور انھیں 2021 ء تک نصف ملین صارفین تک رسائی کی امید ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سویول دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کی نسبت کرایوں میں 30 سے 40 فیصد سستی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here