لاہور: سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ایکسپورٹرز کے خصوصی غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹ میں 35 فیصد برآمدات کو لازمی طور پر کریڈٹ کرنے کی آخری تاریخ 30 جون 2024ء تک بڑھا دی۔
تاریخ میں اس توسیع کا تعلق 13 جنوری 2023ء کو جاری کیے گئے مراسلے سے ہے جس میں بااختیار ڈیلرز (ADs) کو ہدایت کی گئی تھی کہ برآمدات کا 35 فیصد حصہ ان برآمد کنندگان کے خصوصی غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹ میں لازمی طور پر رکھیں۔
برآمد کنندگان پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) یا پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسزایسوسی ایشن (پی ایس ایچ اے) کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گے اور سافٹ ویئر، انفارمیشن ٹیکنالوجی خدمات، آئی ٹی فعال خدمات (ITeS) کی برآمد میں شامل ہوں گے۔
سرکلر ابتدائی طور پر 31 مارچ 2023ء تک کارآمد تھا لیکن اب اس میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔
مرکزی بینک نے بااختیار ڈیلرز کو یہ بھی مشورہ دیا تھا کہ وہ ان برآمد کنندگان کو اپنے برآمد کنندگان کے خصوصی ایف سی وائی اکاؤنٹس کھولنے اور کارپوریٹ ڈیبٹ کارڈ جاری کرکے اور ایف ایکس ڈیجیٹل پورٹل سمیت ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرکے اپنے برآمد کنندگان کے خصوصی ایف سی وائی ریٹینشن اکاؤنٹس سے ترسیلات زر کی لین دین کرنے میں سہولت فراہم کریں۔
با اختیار ڈیلرز کو متعلقہ عملے کو اکاؤنٹ کھولنے، اکاؤنٹس برقرار رکھنے، بیرونی ترسیلات وغیرہ سے متعلق معاملات کو حل کرنے کے لیے اورایک مستقل ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کیلئے مناسب تربیت فراہم کرنے کی بھی ضرورت تھی۔