کراچی: ایک اماراتی سرمایہ کار نے تقریباً 60 لاکھ ڈالر میں ذوالفقار انڈسٹریز لمیٹڈ (ZIL) کے اکثریتی شئیرز خرید لیے۔ زیڈ آئی ایل تیزی سے ترقی کرتی ہوئی صارف مصنوعات فروخت کرنے والی (FMCG) کمپنی ہے جو کیپری صابن بناتی ہے۔
نیو فیوچر کنزیومر انٹرنیشنل جنرل ٹریڈنگ ایل ایل سی نے گزشتہ کئی مہینوں میں مکمل ہونے والے لین دین میں مقامی فرم میں 301.4 روپے فی شیئر کی اوسط قیمت پر کل 84.8 فیصد شیئرز کی ملکیت خریدی۔
گزشتہ ماہ غیر ملکی خریدار نے 1.4 ملین شیئرز خریدے جو کل شیئر ہولڈنگ کا 23.5 فیصد بنتے ہیں۔ عوامی پیشکش سے قبل خریدار نے 61.3 فیصد شئیرز کے حصول کے لیے ذوالفقار انڈسٹریز لمیٹڈ کے اکثریتی شیئر ہولڈر کے ساتھ مارچ میں خریداری کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
خریدار کی طرف سے اصل عوامی پیشکش مقامی طور پر درج فرم میں 19.3 فیصد شیئر ہولڈنگ کیلئے 286.64 روپے فی شیئر تھی۔ یہ مشق ٹیک اوور کے قوانین کے تحت لازمی ہے جس کے تحت لسٹڈ کمپنی کے ممکنہ خریدار کو فری فلوٹ کا کم از کم آدھا حصہ خریدنے کی پیشکش کرنی ہو گی جس کا مطلب ہے کہ عام لوگوں کی ملکیت میں شیئر ہولڈنگ۔
تاہم خریدار نے بعد میں عوامی پیشکش پر نظر ثانی کی اور 340 روپے کی زیادہ شرح پر 17 لاکھ شیئرز یا کل شیئر ہولڈنگ کا 28.6 فیصد خریدنے پر آمادگی ظاہر کی۔
ایک انویسٹمنٹ بینکر کے مطابق غیرملکی خریدار ممکنہ طور پر بعد کے مرحلے میں چھوٹے سرمایہ کاروں کے پاس موجود بقیہ شئیرز کو بھی خرید لے گا کیونکہ ZIL سٹاک ایکسچینج سے ڈی لسٹ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ کیپری اور اوپل صابن جیسے گھریلو برانڈز کے پروڈیوسر ZIL نے جنوری تا مارچ کے دوران 6 کروڑ 76 لاکھ روپے کا خالص منافع حاصل کیا جبکہ ایک سال پہلے اسے 3 کروڑ 76 لاکھ روپے کا نقصان ہوا تھا۔