ڈیزل کی فروخت میں کمی، اٹک ریفائنری نے بڑا ڈسٹیلیشن یونٹ پانچ روز کیلئے بند کر دیا

229

لاہور: اٹک ریفائنری لمیٹڈ (اے آر ایل) نے ضروری مرمت، دیکھ بھال اور ہائی سپیڈ ڈیزل کے ضرورت سے زائد ذخائر کا بندوبست کرنے کیلئے خام تیل کو دیگر پٹرولیم مصنوعات میں تقسیم کرنے والا بنیادی یونٹ (distillation unit) پانچ روز کیلئے بند کر دیا جس کی روزانہ پیداوار تقریباََ 32 ہزار 400 بیرل ہے۔

مذکورہ یونٹ کی بندش کے دوران اٹک ریفائنری جزوی طور پر تقریباً 25 فیصد صلاحیت پر کام کرے گی۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے مراسلے میں کمپنی نے آگاہ کیا ہے کہ ’’آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے گزشتہ دو ماہ کے دوران اٹک ریفائنری سے ہائی سپیڈ ڈیزل کی خریداری میں کمی آئی ہے جس کی کئی وجوہات ہیں تاہم ایک وجہ ممکنہ طور پر سپلائی چین میں سمگل شدہ تیل کی شمولیت ہے۔‘‘

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ فی الحال ریفائنری میں ہائی سپیڈ ڈیزل کا ذخیرہ ایک خاص سطح سے تجاوز کر چکا ہے اور سٹوریج ٹینک میں بہت کم گنجائش باقی ہے۔ اس لیے 32 ہزار بیرل کے ڈسٹیلیشن یونٹ کو بند کیے بغیر کوئی چارہ نہیں تاکہ اس دوران اضافی ہائی سپیڈ ڈیزل کو رکھنے کا بہتر انتظام کیا جا سکے اور پانچ  دنوں کے دوران ضروری مرمت کے کام بھی نمٹا لیے جائیں۔

تاہم ریفائنری کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی مناسب انوینٹری دستیاب ہے۔ وزارت توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو بھی اس بارے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here