لاہور: ایگری آٹو انڈسٹریز نے پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو مطلع کیا ہے کہ کمپنی مئی کا پورا مہینہ پیداواری عمل جزوی طور پر بند رکھے گی۔
کمپنی کے مطابق پورا مہینہ پیداواری عمل بند رکھنے کا فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ اس کی صارف کمپنیوں اور اداروں کی پیداوار بھی جزوی معطل ہو چکی ہے۔ یہ لگاتار چوتھا مہینہ ہو گا جب ایگری آٹو انڈسٹریز نے بندش کا اعلان کیا ہے۔
ایگری آٹو انڈسٹریز کے کمپنی سیکرٹری شہریار اشرف خان نے بتایا کہ ’’ہمارے صارفین آٹوموٹیو سیکٹر سے تعلق رکھتے ہیں۔ مذکورہ شعبے میں پیداواری سرگرمیوں میں کمی کی وجہ سے ہم بھی رواں سال کے آغاز سے ماہانہ بنیادوں پر جزوی بندش پر مجبور ہیں۔‘‘
ایگری آٹو انڈسٹریز ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے جو 1981ء میں قائم کی گئی اور سٹاک ایکسچینج میں درج ہے۔ یہ نجی شعبے میں گاڑیوں کے پرزہ جات بنانے والی صف اول کی کمپنیوں میں سے ایک اور بین الاقوامی سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی کمپنی ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
یوسف دیوان کمپنیز کا آٹوموٹیو وِنگ مسلسل خسارے میں
آٹو انڈسٹری کو بحران کا سامنا، سیلز گزشتہ سال کی نسبت آدھی رہ گئیں
آٹو انڈسٹری میں طویل ترین بندش کی ’تاریخ رقم‘، ہونڈا اور ٹویوٹا کا آئندہ ماہ پلانٹس بند رکھنے کی تاریخوں کا اعلان
اس کی ذیلی کمپنیوں میں ایگری آٹو سٹیمپنگ کمپنی شامل ہے جبکہ اس سے وابستہ دیگر کمپنیوں میں تھل لمیٹڈ، شبیر ٹائلز اینڈ سرامکس، اور تھل بوشوکو پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ شامل ہیں۔ ایگری آٹو انڈسٹریز موٹرسائیکلوں اور کاروں کے شاک آبزروز، ٹائی راڈ، شیٹ میٹل پریس پارٹس اور ٹریکٹروں کے پرزے بناتی ہے۔
کمپنی سیکریٹری شہریار خان کے مطابق ’’آٹو موٹیو شعبے کو مشکل صورت حال کا سامنا ہے لیکن مشکلات کا سامنا کرنے والا یہ واحد شعبہ نہیں بلکہ پوری معیشت ہی مہنگائی کے مضر اثرات سے دوچار ہے تاہم امید کی کرن باقی ہے۔ جیسے جیسے ہم مالی سال کی آخری سہ ماہی کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ امید ہے آگے چل کر حالات بہتر ہو جائیں گے۔ جیسا کہ لیٹر آف کریڈٹ پر سے پابندیاں بتدریج ہٹائی جا رہی ہیں۔ توقع ہے کہ پیداواری عمل میں اضافہ ہو گا اور کمپنیاں اپنی معمول کی پیداوار شروع کر سکیں گی۔‘‘