لاہور: ماڑی پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جمعہ کو ایک نئی ذیلی کمپنی کے قیام کی منظوری دے دی جو معدنیات اور کان کنی کے منصوبوں پر کام کرے گی۔
حال ہی میں کمپنی نے ماڑی فیلڈ میں اپنے سب سے بڑے ترقیاتی منصوبے سچل گیس پروسیسنگ کمپلیکس (ایس جی پی سی) کے دوسرے حصے کی تعمیر مکمل کی ہے جسے مطلوبہ جانچ اور جائزے کے بعد باقاعدہ شروع کر دیا گیا ہے۔
سچل گیس پروسیسنگ کمپلیکس کی جانب سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کو 100 ملین مکعب فٹ سے زائد گیس فراہمی کے ساتھ کمپنی کی یومیہ فروخت 850 ملین مکعب فٹ سے تجاوز کر گئی ہے جس سے یہ ملک میں گیس پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی بن گئی ہے۔
تاہم ملک کی ابتر معاشی صورت حال اور گرتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر کمپنی کی سرگرمیوں میں رکاوٹ کا باعث بن رہے ہیں۔ اگر یہی صورت حال برقرار رہی تو موجودہ پلانٹس سے مستقل پیداواری صلاحیت اور نئی دریافتوں اور جاری منصوبوں میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ کمپنی متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ فعال روابط کا آغاز کر رہی ہے اور بڑے سپلائرز کے ساتھ طویل المدتی بامقصد شراکت داری قائم کرنے کیلئے کوشاں ہے تاکہ سپلائی چین کو لاگت اور کارکردگی کے لحاظ سے تیز اور مستحکم کیا جا سکے۔