اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے روزویلٹ ہوٹل کے حوالے سے نیویارک سٹی انتطامیہ اور ہوٹل یونین کے ساتھ بات چیت کے لیے چار رکنی مذاکراتی کمیٹی بنانے کی منظوری دے دی۔
یہ پیشرفت روز ویلٹ ہوٹل کو تین سال تک فی کمرہ یومیہ دو سو ڈالر میں استعمال کی ایک حالیہ پیشکش موصول ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔
فنانس ڈویژن کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ای سی سی اجلاس میں وزارت ہوا بازی نے نیویارک میں واقع دی روز ویلٹ ہوٹل کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے درپیش مسائل کے بارے میں ایک سمری پیش کی اور بتایا کہ پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ (پی آئی اے-آئی ایل) کی انتظامیہ کو ایک موقع ملا ہے۔ نیویارک سٹی کی ضلعی حکومت تین سال کی مدت میں ہوٹل، جو ایک ہزار 25 کمروں پر مشتمل ہے، کو تارکین وطن کے کاروبار کیلئے استعمال کرے گی اور فی کمرہ 200 ڈالر کرایہ دے گی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں ای سی سی نے وزرت ہوابازی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے سیکرٹری ہوابازی ڈویژن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی۔
’’ای سی سی نے پی آئی اے انویسٹمنٹ لمیٹڈ (روزویلٹ ہوٹل کارپوریشن) کو 11 لاکھ 45 ہزار ڈالر کے دستیاب فنڈز کو ’برج فنانسنگ‘ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے روز ویلٹ ہوٹل کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے اقدمات پر پیشرفت کی اجازت بھی دے دی۔‘‘