اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کیلئے چار فیلڈز کی لیز میں توسیع کی منظوری دے دی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں یونائیٹڈ انرجی پاکستان (یو ای پی) بیٹا کیلئے فاضل ڈسکوری (مبارک بلاک) کی ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز کی منظوری دی گئی جس کی مدت پانچ سال کیلئے ہو گی اور یہ 8 جون 2022ء سے قابل عمل ہو گی۔
اس سے قبل یونائیٹڈ انرجی آف پاکستان نے حکومت پاکستان سے فاضل ڈسکوری میں ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز گرانٹ کیلئے درخواست جمع کرائی تھی۔ ذرائع کے مطابق یو یونائیٹڈ انرجی نے 4 سے 9.8 مربع کلومیٹر کے علاقہ میں گیس کے ذخائر ملنے کی توقع ظاہر کی ہے۔
ای سی سی اجلاس میں بھل سیداں ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی جو پنجاب کے ضلع اٹک میں 16 کلومیٹر کے رقبہ پر محیط ہے۔ اس لیز کی منظوری آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کیلے دی گئی ہے جو یکم جنوری 2020ء سے 10 اپریل 2024ء تک قابل عمل ہو گی۔
اسی طرح پانچ سال کیلئے پاری والی (Pariwali) ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز کی منظوری بھی دی گئی جو اٹک میں ہی 122 سکوئر کلومیٹر پر محیط ہے اور یہ لیز یکم جولائی 2022ء آئندہ پانچ سالوں کیلئے قابل عمل ہے۔
مزید برآں ای سی سی نے وزارت پٹرولیم کی سمری پر ضلع چکوال میں 19 مربع کلومیٹر پر محیط مِن وال ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز کی پانچ سال کیلئے منظوری دے دی جو یکم اپریل 2023ء سے قابل عمل ہے۔
تیل و گیس کے فیلڈز کی لیز میں توسیع کا مقصد ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو پورا کرنا ہے کیونکہ آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ تیل اور گیس جیسے قدرتی وسائل تیزی سے معدوم ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم ڈویژن اس سلسلے میں خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ ڈویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز (ڈی اینڈ ڈی ایل) کے عمل کو تیز تر کیا گیا ہے تاکہ تیل و گیس کی دریافت اور پیداوار سے متعلق سرگرمیاں بھی تیز ہو سکیں۔
ای سی سی نے 31 جنوری 2023ء کو پشاور میں دہشتگردی کے واقعے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کی مالی مدد کیلئے وزارت داخلہ کی سمری پر 28 کروڑ 45 لاکھ روپے کی ضمنی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دے دی۔ وزارت صحت کیلئے 6 کروڑ 70 لاکھ روپے اور وزارت قانون کیلئے 6 کروڑ 10 لاکھ روپے اور وزارت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ کیلئے 50 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹس بھی منظوری کی گئیں۔