پی ٹی سی ایل کو رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پونے 6 ارب روپے نقصان

289

لاہور: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (پی ٹی سی ایل) نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں رواں مالی سال 2023ء کی پہلی سہ ماہی (جنوری سے مارچ) کے نتائج جاری کر دیئے جس کے مطابق اسے 5 ارب 72 کروڑ روپے کا مجموعی نقصان ہوا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے خسارے سے 3.66 گنا زیادہ ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجی گئی مالیاتی رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران پی ٹی سی ایل کی مجموعی آمدن 43 ارب 19 کروڑ روپے رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کی 35 ارب روپے آمدن سے تقریباََ 43 فیصد زیادہ ہے۔

اخراجات کی بات کریں تو کمپنی کے انتظامی اخراجات سالانہ 23.12 فیصد کے حساب سے بڑھ کر 5.68 ارب روپے ہو گئے جبکہ سیلز اور مارکیٹنگ کے اخراجات 2023ء کی پہلی سہ ماہی میں 15.97 فیصد سالانہ اضافے سے 2.51 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے۔

کمپنی نے تجارتی قرضوں اور قریباً 70 کروڑ روپے کے کنٹریکٹ اثاثوں پر نقصان کی اطلاع بھی دی جن میں 4.15 فیصد سالانہ اضافہ ہوا۔

دیگر ذرائع سے آمدن پہلی سہ ماہی میں گزشتہ سال کی نسبت چار گنا بڑھ کر 14.67 ارب روپے ہو گئی تاہم مالیاتی اخراجات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا جو 22.24 ارب روپے رہا اور یہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 3.68 گنا زیادہ ہے جس کی بنیادی وجہ شرح سود کا زیادہ ہونا ہے۔

مالیاتی رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی میں پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان میں ایک مکمل ٹیلی کام سروس پرووائیڈر کی حیثیت سے اپنا حجم برقرار رکھا اور پوزیشن مضبوط بنائی۔ آمدن میں قابل ذکر اضافہ موبائل ڈیٹا، بزنس سلیوشنز اور بینکنگ سروسز میں اچھی کارکردگی کی بنا پر ہوا۔

پی ٹی سی ایل نے اپنے فلیگ شپ  FTTH برانڈ، ’فلیش فائبر‘ کو ٹیلی کام سیکٹر میں سب سے زیادہ نیٹ ایڈز حاصل کرکے مزید مضبوط بنایا۔ یہ صارفین کے غیر معمولی تجربے اور ملک بھر میں فائبر نیٹ ورک کی جارحانہ توسیع کے نتیجے میں ممکن ہوا۔

پی ٹی سی ایل نے حال ہی میں اپنا او ٹی ٹی (Over-the-Top) سٹریمنگ پلیٹ فارم شوق (Shoq) متعارف کرایا ہے جو ڈیٹا صارفین کو بہترین تفریح، کھیل اور خبروں کا مواد فراہم کرتا ہے گویا کم قیمت پر اعلیٰ معیار کے مواد کی ضرورت پوری کر رہا ہے۔

مزید برآں پی ٹی سی ایل گروپ نے پب جی موبائل کے ساتھ شراکت داری کرکے اپنے گیمنگ پلیٹ فارم ‘گیم کی’ کے ذریعے سب سے بڑے ای سپورٹس گیمنگ مقابلے کا آغاز کیا۔

گروپ نے انٹرنیٹ ایکسچینج کے قیام کے لیے DE-CIX اور انٹرنیٹ آف تھنگز کے شعبے میں سہولیات متعارف کرانے کے لیے ووڈا فون کے ساتھ بھی شراکت داری کی۔

اسی طرح پی ٹی سی ایل نے خواتین کے عالمی دن 2023 کے موقع پر خواتین صارفین کے لیے شی ٹاکس (SheTalks) کے نام سے منسوب ایک وائس پیکج متعارف کرایا۔

کمپنی کے فکسڈ براڈ بینڈ بزنس سے سالانہ آمدن میں 17.4 فیصد اضافہ ہوا جو بنیادی طور پر فلیش فائبر کی آمدن اور سبسکرائبرز میں دو گنا اضافے کی وجہ سے ممکن ہوا۔ آئی پی ٹی وی سے بھی آمدن میں 6.2 فیصد اضافہ ہوا۔

پہلی سہ ماہی کے دوران ذیلی کمپنی یو فون کی آمدن میں بھی 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یوفون نے حال ہی میں 2 کروڑ 40 لاکھ سبسکرائبرز حاصل کرنے کا ایک اہم سنگ میل حاصل کیا ہے جس کے نتیجے میں اس کے مارکیٹ شیئر میں 0.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here