لاہور: ایم سی بی بینک لمیٹڈ (ایم سی بی) نے عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ (اے ایچ سی ایل) سے ’ایم سی بی عارف حبیب سیونگز اینڈ انویسٹمنٹ‘ (ایم سی بی اے ایچ) کے 2 کروڑ 16 لاکھ 60 ہزار یعنی 30.06 فیصد شیئرز 30 روپے فی شئیر کی قیمت پر خرید لیے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ’شئیرز کی خریداری کے حوالے سے مجوزہ طریقہ کار 18 اپریل 2023ء کو مکمل کر لیا گیا۔‘
اس سے قبل 24 جنوری 2023ء کو ایم سی بی بینک لمیٹڈ نے ایم سی بی عارف حبیب سیونگز اینڈ انویسٹمنٹس کے 2 کروڑ 16 لاکھ 60 ہزار شیئرز خریدنے کے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔
حالیہ خریداری کے بعد ایم سی بی بینک عارف حبیب سیونگز اینڈ انویسٹمنٹس لمیٹڈ میں مجموعی طور پر 81.42 فیصد شئیرز کا مالک بن گیا ہے جبکہ پہلے اس کے پاس 51.33 فیصد شئیرز کی ملکیت تھی۔
بینک کی ملکیت مذکورہ کمپنی کے شئیرز کی کل تعداد اَب 3 کروڑ 69 لاکھ 50 ہزار سے بڑھ کر 5 کروڑ 86 لاکھ 20 ہزار ہو چکی ہے جبکہ عارف حبیب کمپنی لمیٹڈ نے اپنی پوری شیئر ہولڈنگ ختم کر دی ہے۔