سعودیہ، امارات کی یقین دہانیوں کے باوجود آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ اَب بھی کچھ قدم دور

314

لاہور: حکومت عوام کو جو مرضی بتاتی رہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ وہ اَب بھی پاکستان کی جانب سے دوطرفہ بیرونی مالی معاونت کی یقین دہانی حاصل کرنے کا منتظر ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے ہفتہ کو کہا گیا ہے کہ ’ہم ضروری مالی معاونت کے حوالے سے جلد از جلد یقین دہانی کے منتظر ہیں تاکہ نویں ایکسٹنڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) پر نظرثانی کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔

بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے پاکستان میں سربراہ ناتھن پورٹر (Nathan Porter) نے اپنے نمائندہ کے ذریعے ایک بیان میں کہا ’ہم پاکستان کے دو طرفہ اور اہم ترین شراکت داروں کی جانب سے مالی معاونت کے حالیہ اعلانات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف کے عہدیداروں کی ملاقاتوں میں مضبوط فیصلوں کو برقرار رکھنے اور خاطر خواہ مالی معاونت حاصل کرنے کی ضرورت پر اتفاق ہوا تھا۔‘

ناتھن پورٹر کے بیان میں اضافی مالی معاونت کی رقم کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئیں لیکن یہ اشارہ دیا گیا ہے کہ سٹاف لیول معاہدہ پاکستان کیلئے اَب بھی چند قدم دور ہے کیونکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پاکستان مزید 6 ارب ڈالر کا بندوبست کرے جو اس کی بیرونی ادائیگیوں کیلئے آئندہ چند ماہ کے دوران درکار ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے:

امارات کی پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی یقین دہانی، چین سے 30 کروڑ ڈالر موصول 

پاکستان رواں برس کے مالیاتی اہداف حاصل نہیں کر سکے گا: آئی ایم ایف کی رپورٹ جاری

حال ہی میں سعودی عرب نے پاکستان کیلئے 2 ارب ڈالر اور متحدہ عرب امارات نے ایک ارب ڈالر کی یقین دہانی کرائی ہے لیکن حکومتِ پاکستان مزید تین ارب ڈالر کا بندوبست کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جمعہ کو عالمی بینک سے رابطہ کیا کہ وہ اپنے ’رائز پروگرام‘ سے پاکستان کو قرضہ فراہم کرے۔ انہوں نے عالمی بینک کو سیلز ٹیکس کے حوالے سے شرائط پوری کرنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا ہے۔ امکان ہے کہ پاکستان کو سیلاب ریلیف کے حوالے سے کیے گئے وعدوں میں سے 60 کروڑ ڈالر کی مزید مالی معاونت مل جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو گیا تو اسے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی قسط بھی مل جائے گی۔

دوسری جانب وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ہفتے کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایشین انفراسٹرکچر اینڈ انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے صدر جِن لی کُن (Jin Liqun) کے ساتھ ویڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے اُنہیں پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال اور پائیدار ترقی کیلئے سرکاری فیصلوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے اے آئی آئی بی کے صدر کی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیرنو کیلئے کوششوں پر شکریہ بھی ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here