امارات کی پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی یقین دہانی، چین سے 30 کروڑ ڈالر موصول

318

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے بیل آؤٹ پروگرام کی بحالی کی طرف اہم پیش رفت کے طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حکام نے یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ پاکستان کو ایک ارب ڈالر فراہم کرے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) متحدہ عرب امارات کے حکام سے مذکورہ ڈپازٹس وصول کرنے کیلئے ضروری کارروائی میں مصروف ہے۔

دوسری جانب وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدے میں صرف سعودی عرب کی تصدیق باقی ہے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے دو ارب ڈالر کی فنانسنگ اگلے ہفتے متوقع ہے جس کے بعد دوست ممالک کی جانب سے مالی امداد کی یقین دہانی کی آئی ایم ایف کی شرط بھی پوری ہو جائے گی۔

آئی ایم ایف کی سٹریٹجک کمیونیکیشنز کی ڈائریکٹر جولی کوزیک (Julie Kozack) نے گزشتہ ماہ بیرونی ذرائع سے بروقت مالی امداد کو پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے کیلئے اہم قرار دیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستان کو دو ارب ڈالر کا قرض فراہم کرے گا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان گزشتہ روز اہم ورچوئل اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی قیادت وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کی جبکہ وزارت خزانہ واقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹریز اور گورنر سٹیٹ بینک واشنگٹن سے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ڈپٹی ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کے پیشگی اہداف پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

ادھر جمعہ کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کو کمرشل بینک آف چائنا کی جانب سے مزید 30 کروڑ ڈالر جلد موصول ہو جائیں گے۔

اسحاق ڈار کے مطابق یہ رقم چینی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے منظور کردہ ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے پیکج کا حصہ ہے جس میں سے ایک ارب ڈالر سٹیٹ بینک آف پاکستان کو پہلے ہی موصول ہو چکے ہیں۔ اس سے زرمبادلہ ذخائر کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here