ہیٹ ویو رواں برس معیشت پر کس حد تک اثر انداز ہو گی؟

ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق اگر درجہ حرارت میں اضافہ جاری رہتا ہے اور مون سون کی بارشوں کے پیٹرن بدلتے رہتے ہیں تو ملک کو جی ڈی پی میں 2.8 فیصد کا نقصان ہو سکتا ہے

354

لاہور: 2023ء کا مارچ جنوبی ایشیا میں حیرت انگیز طور پر سرد رہا۔ خاص طور پر پاکستان کو گرمیوں اور سردیوں کے موسم کے درمیان اوسط سے کم درجہ حرارت کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود بہت سے ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ پاکستان اور باقی خطہ اَب بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے زیر اثر گرمی کی لہروں سے خطرے میں پڑ سکتا ہے جس کے زراعت اور انسانی زندگی پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔

ارتھ سائنسز کے ماہر حسن آفتاب کہتے ہیں کہ ’ٹھنڈے مارچ کے باوجود ہم اَب بھی ایک ہیٹ ویو کا تجربہ کر سکتے ہیں جو گزشتہ سال جیسی ہو سکتی ہے۔‘

گزشتہ سال جیکب آباد کے 50 فیصد لوگ شہر سے کوچ کر گئے اور چار ماہ بعد تک حالات معمول پر نہیں آئے۔ 13 مارچ 2023 کو پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے ایک انتباہ جاری کیا کہ آئندہ موسم گرما کے دوران ملک میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے۔ درحقیقت مارچ اور مئی کے درمیان شدید گرمی کی لہر کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

پی ایم ڈی کے مطابق اس دورانیے میں متوقع کم بارشوں کی وجہ سے گرمی کی شدت معمول سے بڑھ جائے گی۔ فروری کے مہینے میں بارش میں 77 فیصد کمی کی اطلاع دی گئی تھی، جس کا مطلب یہ تھا کہ دن اور رات کا اوسط درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہے گا۔ نتیجتاً ناصرف مارچ بلکہ اپریل اور مئی میں بھی زیادہ درجہ حرارت متوقع ہے۔

اس سے قبل مارچ میں اوسط درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پچھلے سال تھوڑا سا اضافہ دیکھا گیا لیکن رواں سال درجہ حرارت اس سے بھی زیادہ رہنے کی توقع ہے-

یاد رہے کہ یہ متوقع ہیٹ ویو صرف پاکستان تک محدود نہیں۔ بھارت بھی شدید موسم گرما کے لیے خود کو تیار کر رہا ہے کیونکہ انڈین میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے مارچ اور مئی کے درمیان گرمی کے بڑھنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

اس کے مطابق “مارچ سے مئی تک شمال مشرقی ہندوستان، مشرقی اور وسطی ہندوستان اور شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔” بھارت نے بھی اس موسم سرما میں اوسط سے زیادہ درجہ حرارت کا تجربہ کیا، وہاں فروری کا مہینہ گزشتہ ایک صدی کا گرم ترین مہینہ ثابت ہوا۔

یہ جاننا ضروری ہے کہ اس گرمی کی وجوہات کیا ہیں۔

ماہرین لا نینا (La Nina) کو گرمی کی ایک وجہ قرار دے رہے ہیں جس سے مراد وسطی اور مشرقی وسطی استوائی بحرالکاہل میں سمندر کی سطح کے درجہ حرارت کی متواتر ٹھنڈک ہے جو عالمی موسمیاتی صورتحال کو متاثر کرتی ہے۔

مرلی کرشن کے ایک مضمون کے مطابق ہیٹ ویو کا بنیادی مسئلہ فصلوں کے نقصان کا خطرہ ہے۔ آئی ایم ڈی کے اعدادوشمار کے مطابق کچھ گندم کے زیر کاشت علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اس ماہ کے شروع میں 39 ڈگری سینٹی گریڈ  (102 ڈگری فارن ہائیٹ) سے بڑھ گیا جو معمول سے تقریباً 7 سینٹی گریڈ (12.6 فارن ہائیٹ) زیادہ ہے۔

سائنس دانوں اور ماہرین موسمیات کا دعویٰ ہے کہ ہندوستان میں درجہ حرارت اور بارشوں میں ہونے والی تبدیلیوں سے ملک میں پانی کے موجودہ دباؤ میں اضافہ ہو گا۔ مزید اہم بات یہ ہے کہ وقت سے پہلے بارشیں موسم سرما میں بوئی جانے والی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں- جیسے گندم، سرسوں اور چنے کی کٹائی شروع ہونے سے پہلے۔

2018ء میں جاری کی گئی ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق اگر درجہ حرارت میں اضافہ جاری رہتا ہے اور مون سون کی بارشوں کے پیٹرن بدلتے رہتے ہیں تو ملک کو جی ڈی پی میں 2.8 فیصد کا نقصان ہو سکتا ہے، جس سے 2050 ء تک اس کی تقریباً نصف آبادی کا معیار زندگی گر جائے گا۔

ایک سنگین تنبیہ کرتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا کی نصف سے زیادہ آبادی خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں میں رہتی ہے اور معیار زندگی میں گراوٹ کا شکار ہے، جس کی وجہ زرعی پیداوار میں کمی، محنت کی کم پیداواری صلاحیت اور صحت کے متعلقہ اثرات کو قرار دیا جا سکتا ہے۔

پاکستان کی معیشت بھی موسمیاتی بحران سے شدید خطرات سے دوچار ہے۔ گرمی کی لہروں کو “خاموش آفت” کہا جاتا ہے کیونکہ دنیا بھر میں گرمی سے ہونے والی اموات اکثر کم ہوتی ہیں۔ حالیہ برسوں کو دیکھتے ہوئے یہ واضح ہو رہا ہے کہ جب موسمیاتی تبدیلی کی بات آتی ہے تو ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی سب سے زیادہ خطرے سے دوچار ممالک میں شامل ہوتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کے ابتدائی انتباہی نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

پی ایم ڈی نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ گرمی سے متعلق بیماریوں سے بچنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گرمی کے موسم میں ہائیڈریٹ رہیں۔ اس نے حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ گرمی کی لہر کے اثرات کو کم کرنے اور آبادی پر اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ چونکہ پاکستان آنے والے موسم گرما کے لیے خود کو تیار کر رہا ہے، حکام اور شہریوں کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ محتاط رہیں اور متوقع شدید درجہ حرارت سے خود کو بچانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here