اسلام آباد: معروف پاکستانی ادویہ ساز کمپنی اے جی پی لمیٹڈ نے امریکی ادویہ ساز کمپنی ویاٹرِس (Viatris) کے کئی مشہور برانڈز خرید لیے۔
اس حوالے سے اے جی پی لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔ کمپنی کے بورڈ نے ایکوئزیشن کیلئے جون 2022ء میں منظوری دی تھی۔
اے پی جی لمیٹڈ کے خریدے گئے برانڈز میں ڈپریشن، ہائی بلڈ پریشر اور امراض چشم میں استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔ پورٹ فولیو میں شامل سب سے بڑے برانڈ نورواسک (Norvasc) کا ٹرن اوور گزشتہ سال ایک ارب 30 کروڑ روپے رہا۔
اے جی پی لمیٹڈ کی جانب سے خریدے گئے دیگر برانڈز میں زولوفٹ (zoloft)، لیریکا (Lyrica)، ژیناکس (Xanax)، ایفیزر (Effexor) اور لیپی ٹور (Lipitor) شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس ایکوئزیشن کے نتیجے میں اس کی مجموعی آمدن میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جو اگلے سال 20 ارب روپے سے تجاوز کر سکتا ہے۔ کمپنی ان میں سے زیادہ تر برانڈز کی ادویات مقامی طور پر تیار کرے گی۔
پاکستان کی بڑی فارما کمپنیوں میں سے ایک اے جی پی لمیٹڈ مئی 2014ء میں پبلک لمیٹڈ بنی اور 5 مارچ 2018ء کو پاکستان سٹاک ایکسچینج پر رجسٹر ہوئی۔ اس کا بنیادی کاروبار ہر قسم کی طبی مصنوعات کی درآمد و برآمد، مارکیٹنگ، ڈیلرشپ، ڈسٹری بیوشن اور ہول سیل پر مشتمل ہے اور اس کیلئے کئی بین الاقوامی فارما کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کیا گیا ہے۔
اے پی جی لمیٹڈ کے 55.80 فیصد شیئرز ایٹکن سٹارٹ پاکستان (Aitkenstuart) کے پاس ہیں اور وہی اس کی پیرنٹ کمپنی ہے۔