اسلام آباد: چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے سمارٹ فون ایک بار پھر پاکستانی صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
ہواوے کی سالانہ رپورٹ جاری کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران کمپنی کے حکام نے بتایا کہ رواں کے آخر یا آئندہ سال کے شروع میں ہواوے سمارٹ فون دوبارہ پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کروائے جائیں گے۔ یہ پیشرفت اُس وقت سامنے آئی ہے جب ہواوے کے چیئرمین ایرک سو نے گزشتہ ہفتے چینی ٹیکنالوجی برآمدات پر امریکی پابندیوں کے خلاف بیان دیا تھا۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران ہواوے کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ امریکی پابندیوں کے نتیجے میں چین کی چِپ انڈسٹری کا دوبارہ جنم ہوا ہے۔ چینی سیمی کنڈکٹرز اور چِپ میکرز اَب خود انحصاری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ہواوے سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کو بچانے، مضبوط کرنے اور خود انحصاری اپنانے کی کوششوں میں ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں سے جاری چین امریکا تجارتی جنگ میں ٹیکنالوجی سیکٹر بالخصوص چِپ اور سیمی کنڈکٹر انڈسٹری بنیادی اہمیت کی حامل رہی ہے۔ امریکا میں ٹک ٹاک جیسی چینی ٹیک کمپنیوں کو بند کرنے سمیت کئی قسم کے اقدامات کیے گئے ہیں۔