پاکستان کی سُپرنیٹ لمیٹڈ کا مشرقِ وسطیٰ کی 80 ارب ڈالر مالیت کی ٹیلی کام کمپنی سے معاہدہ

شراکت داری کے تحت سُپرنیٹ کو پاکستان سے باہر 13 ملکوں میں بزنس ٹو بزنس صارفین تک رسائی مل جائے گی

257

اسلام آباد: ٹیلی کارڈ لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی سُپرنیٹ لمیٹڈ نے مشرقِ وسطیٰ و شمالی افریقی خطے میں ٹیلی کمیونیکیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں صفِ اوّل کی کمپنی کے ساتھ تجارتی تعاون کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

یہ پیشرفت پاکستان سے باہر صارفین کو خدمات فراہم کرنے کیلئے سُپرنیٹ کی ترقی کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ مذکورہ معاہدے کا اعلان دونوں کمپنیوں کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے مراسلے میں کیا گیا ہے۔

سُپرنیٹ لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ کرنے والی مشرقِ وسطیٰ کی کمپنی کے سرمائے کا تخمینہ 80 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ مذکورہ کمپنی مشرقِ وسطیٰ و شمالی افریقی خطے کے کئی ممالک میں ٹیلی کام کے علاوہ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سروسز جیسا کہ کنسلٹنسی، بزنس پروسیس آئوٹ سورسنگ اور ڈیٹا سینٹر سلیوشنز جیسی خدمات بھی فراہم کر رہی ہے۔

اس شراکت داری کے بعد سُپرنیٹ لمیٹڈ ناصرف مذکورہ کمپنی کو اپنی خدمات مہیا کر سکے گی بلکہ اسے تقریباََ 13 ملکوں میں لاکھوں بزنس ٹو بزنس صارفین تک بھی رسائی مل جائے گی۔

ٹیلی کارڈ نے 1992ء میں پبلک پے فون سروس شروع کی تھی۔ 1995ء میں ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے بعد یہ پبلک لمیٹڈ کمپنی بن گئی۔ اُسی سال سُپرنیٹ لمیٹڈ پاکستان میں انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنے کیلئے شروع کی گئ۔ آج یہ کمپنی خود اور اپنی ذیلی کمپنیوں کے ذریعے ملک بھر میں ٹیلی کام اور انٹرنیٹ سمیت کئی قسم کی خدمات فراہم کر رہی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here